وزیراعلیٰ شہبازشریف سے چین کی معروف کمپنی ہواوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

چیف ایگزیکٹو آفیسر ہواوے گائو پنگ اور وفد کی سیف سٹی پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کی ہے ،توانائی کے شعبہ میں چین کی کمپنیوں نے بے پناہ تعاون فراہم کیا ہے، مستقبل میں بھی چینی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کار کو بڑھائیں گے، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی وفد سے گفتگو

جمعرات 4 جنوری 2018 21:50

وزیراعلیٰ شہبازشریف سے چین کی معروف کمپنی ہواوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کی معروف کمپنی ہواوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گائو پنگ کی سربراہی میںجمعرات کو اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہواوے اور ان کے وفد نے سیف سٹی پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں پنجاب حکومت نے لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کرکے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے اور بلاشبہ پنجاب حکومت آپ کی سربراہی میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہی ہے جو لائق تحسین اقدام ہے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ پر عمل کیا ہے اور یہ منصوبہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ محفوظ، پرامن اور جرائم سے پاک پنجاب کی جانب اہم اقدام ہے۔ پنجاب حکومت نے دیگر شہروں میں بھی یہ منصوبہ شروع کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کی ہے اور توانائی کے شعبہ میں چین کی کمپنیوں نے بے پناہ تعاون فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی چینی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کار کو بڑھائیں گے۔ ملاقات میں مستقبل میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر کرنل (ر) ایوب گادھی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری وزیراعلیٰ اور دیگر حکام کے علاوہ چین کے ڈپٹی قونصل جنرل بھی اس موقع پر موجود تھے۔