نواز شریف بتائیں کس پردے کے پیچھے بیٹھ کر ملک لوٹا ،سانحہ ماڈل ٹائون کا منصوبہ بنایا ‘ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

سپریم کورٹ نے ایک پردہ اٹھایا اربوں کے ناجائز اثاثے نکل آئے، بہت سارے پردوں کو ابھی اٹھنا ہے‘سربراہ عوامی تحریک مظلوموں کو انصاف دے کر ریاست کو ثابت کرنا ہو گا کہ اسکی نظر میں سب برابر ہیں‘خواجہ عطاء اللہ تونسوی

جمعرات 4 جنوری 2018 22:54

نواز شریف بتائیں کس پردے کے پیچھے بیٹھ کر ملک لوٹا ،سانحہ ماڈل ٹائون ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف بتائیں انہوں نے کس پردے کے پیچھے بیٹھ کر سانحہ ماڈل ٹائون کی منصوبہ بندی کی اور 100لوگوں کو گولیاں ماریں اور کس پردے کے پیچھے بیٹھ کر فوج اور عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔نا اہل نواز شریف اور پاکستان کے دشمن آج کل ایک بولی بول رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سجادہ نشین تونسہ شریف خواجہ عطاء اللہ تونسوی سے ملاقات کے دوران کیا ۔سجادہ نشین تونسہ شریف گزشتہ روز سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کیلئے آئے اور انہوں نے شہدائے ماڈل ٹائون کے انصاف اور قانونی جدوجہد اور ڈیڈ لائن کے بارے میں اپنی بھر پور حمایت کا یقین دلایا ۔

(جاری ہے)

سربراہ عوامی تحریک نے خواجہ عطا اللہ تونسوی کو عمامہ اورپگڑی پہنائی،جس پر انہوں نے اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پرخواجہ عطا اللہ تونسوی نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف سیاسی نہیں انسانی معاملہ ہے ،مظلوموں کو انصاف دے کر اب یہ ریاست کو ثابت کرنا ہو گا کہ وہ ہر قسم کے اثر و رسوخ سے بالا تر ہے اور ہر شہری قانون کی نظر میں برابر ہے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خواجہ عطاء اللہ تونسوی کی حمایت پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برصغیر میں آستانوں کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ ہر دور میں ظلم کے خلاف سینہ سپر ہوئے اور ظالم کے مقابلے میں مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوئے اور حق کے علم کو سر بلند رکھا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ نواز شریف صرف قاتل ہی نہیں قومی لٹیرا اور ختم نبوت کے قانون کا بھی قاتل ہے ،انہوں نے کرپشن کے کیسز اور نا اہلی ختم کروانے کیلئے بیرونی قوتوں کے کہنے پر ختم نبوت کے قانون میں تبدیلیاں کیں جو عاشقان رسول نے ناکام بنا دیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی اس جرم کی سزا باقی ہے ۔ اس موقع پر عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض وڑائچ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی بھی موجود تھے۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک پردہ اٹھایا جس میں سے صرف ایک ملک میں سے اشرافیہ کے اربوں کے ناجائز اثاثے نکل آئے ابھی بہت سے پردے اٹھنے باقی ہیں ،انہوں نے کہا کہ میں اب بھی کہتا ہوں کہ نواز شریف کی جو کرپشن سامنے آئی اسکی حیثیت سمندر کے ایک قطرے سے زیادہ نہیں۔

متعلقہ عنوان :