تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام سالانہ’’ یوم عشقِ رسول ﷺ ‘‘اور’’ ممتاز ڈے ‘‘کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد

داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک ایک تاریخ ساز’’ تاجدار ختم نبوت ﷺمارچ‘‘ ،تاجدار ختم نبوت ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

جمعرات 4 جنوری 2018 22:54

تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام سالانہ’’ یوم عشقِ رسول ﷺ ‘‘اور’’ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2018ء) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام سالانہ’’ یوم عشقِ رسول ﷺ ‘‘اور’’ ممتاز ڈے ‘‘کے موقع پر کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور غازیانِ اسلام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ لاہور میں داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک ایک تاریخ ساز’’ تاجدار ختم نبوت ﷺمارچ‘‘ کیا گیا ۔

جس کے اختتام پر پنجاب اسمبلی کے سامنے شہدائے ختم نبوت کے چہلم کے سلسلہ میں تاجدار ختم نبوت ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ مارچ کی قیادت تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی چئیرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ،حضرت پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھکھی شریف ،حضرت میاں ولید احمد شرقپوری سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف ،پیر سید شمس الدین شاہ گولڑوی آستانہ عالیہ گولڑہ شریف ،قاری زوار بہادر امیر جمیعت علما پاکستان، حضرت پیر سید ضیاء الاسلام شاہ گیلانی ،حضرت پیر محمد اقبال ہمدمی ،ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی ،مولانامفتی محمد عابد جلالی ،پیر سید ظفر علی شاہ بنوری ،علامہ عبد الرشید اویسی ، پیر سید محمد خرم ریاض شاہ رضوی ،پیر سید عامر سلطان شاہ ،پیر سید واجد شاہ گیلانی ،سردار احمد رضا فاروقی،مولانا محمد عمران رضا شیرازی نے کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین بڑے جذباتی انداز میں نعرہ تکبیر و رسالت، لبیک یارسول اللہﷺ، تاجدار ختم نبوت زندہ باد اور ’’قرآن کاقانون ہے خون کا بدلہ خون ہے‘‘ کی صدائیں بلند کررہے تھے ۔مارچ میں سینکڑوں علماء و مشائخ اور ہزاروں عوام نے شرکت کی ۔تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی چئیرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے پنجاب اسمبلی کے سامنے تاجدار ختم نبوت مارچ کا اعلامیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکمران حلف نامہ ختم نبوت میں تبدیلی کے ذمہ داروں کو بے نقاب نہ کر کے خود ہی اپنی قبر کھود رہے ہیں۔

صرف رانا ثناء ہی نہیں پوری حکومت کا جانا نوشتہ دیوار بن چکا ہے ۔ذلت ورسوائی حکمرانوں کا مقدر بن چکی ہے ۔قادیانیوں کے سہولت کاروں کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔حکمرانوں کوعقیدہ ختم نبوت سے بیوفائی کا پتہ دنیا میں ہی الیکشن کمپین میں چل جائے گا۔آنے والا الیکشن ختم نبوت کے وفاداروں اور قادیانیوں کے سہولتکاروں کے درمیان ہوگا۔

ہم ہر حلقہ میں ختم نبوت کے کسی متوالے کو اپنا امیدوارنامزد کریں گے۔حکمران رانا ثناء کے استعفیٰ کے بارے میں بھی ہٹ دھرمی کرکے پھر چند لاشیں گرانا چاہتے ہیں ۔معاہدہ کر کے منحرف ہو جانا حکمرانوں کا وطیرہ بن چکا ہے۔بیسیوں شہداء ختم نبوت کا قصاص پوری قو م کی آواز ہے ۔شہداء ختم نبوت کا خون واضح طور پر نواز شریف ،شہباز شریف ،احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ کے دامن پرنظر آرہا ہے۔

ایک ماہ سے زائد مدت گزرجانے کے باوجود شہداء ختم نبوت کے قاتلوں کادندناتے پھرنا ،فیض آباددھرنا قیادت،حکمران ٹولہ اور قومی اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔افسوس کہ ابھی تک وہ بورڈ بھی تشکیل نہیں دیا جا سکا جس نے اتنے بڑے جانی نقصان کے مجرموں کا تعین کرنا تھا۔فیض آباد دھرنا قیادت کا حلف نامہ ختم نبوت کے ذمہ داروں کو بے نقاب کروائے اور سزا دلوائے بغیر ،رانا ثناء کو برطرف کروائے اور سزادلوائے بغیر، شہداء ختم نبوت کی ایف آئی آر کٹوائے اور بدلہ لئے بغیر یہ کہنا کہ ہمیں حکومت سے کوئی شکایت ہی نہیں سمجھ سے بالاتر ہے ۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت فی الفورراجہ ظفرالحق اصل رپورٹ مکمل شائع کرے ،حلف نامہ ختم نبوت میں تبدیلی کرنے و الوں کاتعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ،رانا ثناء کو برطرف کرکے اس پرآئین سے بغاوت کا کیس چلایا جائے 25 نومبر 2017 ء کے شہداء ختم نبوت کے قصاص کے لئے فورا شہداء اورزخمیوں کی ایف آئی آر درج کی جائے اور قاتلوںکو گرفتار کیا جائے۔

آئندہ کے لائحہ عمل کے لحاظ سے حضرت خواجہ حمید الدین سیالوی کی طرف سی9 جنوری 2018 ء کولاہور میں داتا دربار پر ہونے والے احتجاج کی تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ بھر پورحمایت کا ا علان کرتی ہے ۔ہم مطالبات کی منظوری کے لئے حکمرانوں کو15جنوری تک ڈیڈ لائن دے رہے ہیں۔ ہم سے کئے گئے معاہدوں کی روشنی میں ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو 15جنوری کو ہم جیل بھرو تحریک شروع کریں گے ۔

7 اپریل کو لاہور میں ان شاء اللہ تعالی سالانہ عقیدہ توحید کے موقع پر ’’مرکزی نظام مصطفیﷺکانفرنس‘‘ اور غازی ممتاز حسین قادری شہید کے سالانہ عر س کی تقریب ہوگی۔حضرت میاں ولید احمد شرقپوری نے کہا قادیانیوں کی سازشوں کو کنٹرول کرنے کے لئے قومی مشاورتی کونسل ڈی چوک معاہدے کے مطابق فوری طور پر تشکیل دی جائے ۔حضرت پیر سید نوید الحسن مشہدی نے کہا کہ امریکی صدری ڈونلڈ ٹرمپ یاد رکھے کہ پاکستان کا گزارا امریکی امداد پر نہیں اللہ تعالی اور رسول اللہﷺکے فضل پر ہے ۔

مفتی محمد عابد جلالی نے کہا کہ 295cقانون ناموس رسالت اور امتناع قادیانیت آرڈنینس کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں بھی نچھاور کردیں گے۔پیر سید خرم ریاض رضوی نے کہا ہمارے حکمران امریکی غلامی کا پٹہ گلے میں سے اتار دیں۔بیت المقدس امت مسلمہ کا قبلہ اول اور فلسطینیوں کا دارالحکومت ہے اسکی آزادی کے لئے القدس یونائٹڈ آرمی تشکیل دی جائے۔مولانا عبد العلیم جلالی ،مولانا مرتضی علی جلالی ،حافظ محمد زوہیب جلالی ،قاری محمد افضل باجوہ ، مولانا عدیل جلالی ،مولانا فیاض وٹو ،مولانا محمد نسیم سیالوی ،ڈاکٹر محمد عبد الرشید مصطفوی ،مولانامحمد طارق لطیف نقشبندی ،مولانا محمد ندیم جیلانی ،مولانا محمدعبد الکریم جلالی ،مولانا حامد مصطفی جلالی ،مولانا ارشاد احمد حقانی ،مولاناقاری محمد عبد الغفار گجر،مولانا خاورحسین نقشبندی و دیگر خصوصی طور پرشریک ہوئے۔