مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس نے آسیہ اندرابی کو گھر میں نظر بند کر دیا

جمعہ 5 جنوری 2018 19:23

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کٹھ پتلی انتظامیہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو سرینگر میں انکے گھرمیں نظربند کردیا ہے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق دختران ملت کی ترجمان فہمیدہ صوفی نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ بھارتی پولیس نے جمعرات کی شام سات بجے سرینگر کے علاقے صورہ میں آسیہ انداربی کی رہائش گاہ کا محاصرہ کر لیا اور انہیں بتایا گیا کہ انہیں گھر میں نظربند کردیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آسیہ اندرابی کوکئی ماہ کی غیر قانونی نظربندی کے گزشتہ ماہ کی 25تاریخ کو سرینگر سینٹرل جیل سے رہا کیاگیا تھا ادھر آسیہ اندرابی نے ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاہے کہ عالمی ادارہ 69بر س بعد بھی کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا ہے ۔تحریک مزاحمت اور حریت رہنماء شیخ محمد یعقوب نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں حریت رہنمائوں سیدعلی گیلانی ،میر واعظ عمر ، محمد یاسین ملک ، محمد اشرف صحرائی ، گلزار احمد گلزار ، بلال صدیقی ، مولوی بشیر عرفانی ، محمد یوسف نقاش ، سید امتیاز حیدر اور محمد یاسین عطائی کی گرفتاریوں اور گھر میں نظربندی کی شدید مذمت کی ہے۔۔