مخالفین انتخابات میں آکر مقابلہ کرلیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ کسی نے کرپشن اور کسی نے گالیوں کی سیاست کی-وزیراعظم شاہدخاقان عباسی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 6 جنوری 2018 15:12

مخالفین انتخابات میں آکر مقابلہ کرلیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے ..
صادق آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 جنوری۔2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مخالفین جولائی کے انتخابات میں آکر مقابلہ کرلیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔صادق آباد میں آر این ایل جی کی ترسیل اور فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت میں آئے تو صنعتیں اور کارخانے بند تھے، سی این جی اسٹیشنز میں گیس نہیں تھی، ماضی میں ترقی کی شرح 3 فیصد سے بھی کم تھی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف وہ لیڈر ہیں جو وعدے نہیں کام کرکے دکھاتے ہیں، 2013 میں حکومت آئی تو 1800 کلومیٹر موٹروے تعمیر کرائی، اضافی گیس مہیا کیے بغیر پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوسکتے تھے اسی لئے سابق وزیراعظم کا وڑن اور جذبہ تھا کہ ملک میں آئندہ 15 سال کے منصوبے بھی بنائیں گے، پاکستان کی تاریخ میں 42 انچ قطر کی کوئی گیس پائپ لائن نہیں ڈالی گئی ہماری حکومت میں ریکارڈ مدت میں 14 سو کلو میٹر گیس کی پائپ لائن بچھائی گئی، آج ہر صارف کو گیس فراہم کی جا رہی ہے اور کارخانے و صنعتیں لگانے کے لیے گیس میسر ہے، جتنے گیس کنکشن ہمارے دور میں دیے گئے اس کی مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر ہم گیس کا مسئلہ حل نہ کرتے تو بجلی کے مسائل بھی حل نہ ہوتے، آج ملک میں بجلی کے بحران کو حل کر دیا گیا ہے، بجلی کے کارخانے بھی چل رہے ہیں جنہیں چلانے کے لیے تیل درآمد نہیں کررہے، کیا پاکستان کے پاس پہلے یہ وسائل نہیں تھے؟ ماضی میں بھی وسائل تھے لیکن انہیں بروئے کار نہیں لایا گیا، میرا مخالفین کو چیلنج ہے، اپنے 15 سال کے دور میں ایک منصوبہ دکھا دیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کسی نے کرپشن اور کسی نے گالیوں کی سیاست کی، یہاں پر آپ کو وعدے کرنے والے بھی بہت ملیں گے لیکن مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، جولائی کے انتخابات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، مخالفین آئندہ انتخابات میں آکرمقابلہ کرلیں۔ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب ہوکر مسائل حل کرے گی، ملک کی ترقی کا سفر مستقبل میں بھی جاری رہے گا، گوادر سے خیبر پختونخوا تک منصوبوں کی فہرست ہے جس پر کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :