سوپور: بم دھماکہ ، چار بھارتی پولیس اہلکار ہلاک

سری نگر سے 50کلو میٹر دور سوپور میں گشت کے دوران ایک دھماکے میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے، حکام

ہفتہ 6 جنوری 2018 20:13

سوپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں ایک بم دھماکے میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔سری نگر کے پولیس حکام نے کہا ہے کہ سری نگر سے 50کلو میٹر دور سوپور میں گشت کے دوران ایک دھماکے میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔بھارت کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق شدت پسندوں نے ہڑتال کے دوران ایک دکان کے قریب بم نصب کیا ہوا تھا۔

گذشتہ ہفتے انڈین فوج کے چار اہلکار سری نگر کے قریب ایک فوجی اڈے پر شدت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

گذشتہ سال 206 مشتبہ شدت پسند، 57 عام شہری اور 78 انڈین سکیورٹی فورسز کے اہلکار مارے گئے تھے۔بھارت الزام عائد کرتا ہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول عبور کروا کے شدت پسند بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں داخل کرواتا ہے۔تاہم پاکستان اس الزام کی تردید کرتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ کشمیری جدو جہد میں صرف سفارتی اور اخلاقی مدد دیتا ہے۔واضح رہے کہ دسمبر میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے آن لائن اکاؤنٹ نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ’کشمیری مجاہدین‘ کی جانب سے ان کے ساتھ وفاداری کا اعلان کیا گیا تھا۔۔