ٹرمپ انتظامیہ امداد کی بندش کے بعد پاکستان میں نیٹو سپلائی کی ممکنہ بندش سے پریشان

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 6 جنوری 2018 22:35

ٹرمپ انتظامیہ امداد کی بندش کے بعد پاکستان میں نیٹو سپلائی کی ممکنہ ..
واشنگٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 06جنوری 2018ء ):ٹرمپ انتظامیہ امداد کی بندش کے بعد پاکستان میں نیٹو سپلائی کی ممکنہ بندش سے پریشان ہو گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ حکومت کے اہم افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پاکستان میں زمینی و فضائی راستوں سے نیٹو سپلائی بند ہونے سے امریکا کے لیے افغانستان میں شدید مشکلات کھڑی ہوجائیں گی، امریکی حکومت اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے متبادل آپشنز استعمال کرنے پر غور کررہی ہے، جن میں شمالی راستے بھی ہوسکتے ہیں لیکن وہ روٹ بہت طویل اور دشوار ہوگا۔

اسکا مزید کہنا تھا کہ ہم صرف مالی نہیں بلکہ دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، ہم امداد بند کرنے کے بعد پاکستان کے ردعمل اور اس سے نمٹنے کے طریقوں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور اس بات کی بھی کوشش کررہے ہیں کہ باہمی تعلقات متاثر نہ ہونے پائیں۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ تاحال تشویش کی کوئی بات نہیں کیونکہ پاکستان نے نیٹو سپلائی بند کرنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔