چیئرمین نیب نے زعیم قادری ،سابق رکن اسمبلی احمد حسین ڈاہر ، سابق چیئرمین ریلوے کیخلاف شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم دیدیا

ڈی جی نیب لاہور اور ڈی جی نیب ملتان کو شکایات کی جانچ پڑتال کر کے دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

پیر 8 جنوری 2018 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2018ء) چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے صوبائی وزیر سید زعیم حسین قادری کے خلاف پنجاب سمال انڈسٹری کو آپریٹوایمپلائز ہائوسنگ سوسائٹی سے مبینہ طور پر غیر قانونی فوائد لینے اور سوسائٹی کی انتظامیہ کی مدد سے مبینہ طور پر سوسائٹی کی زمین پر قبضہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی لاہور نیب کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیتے ہوئے دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔

نیب کے اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے ملتان سے سابق رکن اسمبلی پنجاب احمد حسین ڈاہر اور دیگر کے خلاف اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے سرکاری فنڈز سے اپنی زمین پر روڈ بنانے ،کالونی بنانے اورآمدن سے زائد اثاثے بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے اور ڈی جی نیب ملتان کو دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

چیئر مین نیب نے ریلوے کے سابق چیئرمین عارف عظیم کے خلاف مبینہ طور پر بدعنوانی اور 58لوکو موٹیو ز جن کی مالیت 15.300ملین روپے بنتی ہے اور40پاور وین چینی فرم سے پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خریدے جن کی مالیت تقریباً 4600ملین روپے بنتی ہے اور جو غیر معیاری ہونے کی وجہ سے اس وقت مبینہ طور پر استعمال نہیں ہورہے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے اور 2ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔