مہران یونیورسٹی ، یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز سے ماسٹرز کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم

پیر 8 جنوری 2018 19:15

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2018ء) امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے مہران یونیورسٹی میں یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز کے کانووکیشن میں شرکت کی۔ انہوں نے اور مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے ماسٹرز کرنے والے طلبہ میں ڈگریاں اور میڈل تقسیم کئے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق یہ اس سینٹر سے ماسٹرز کرنے والا طلبہ کا پہلا گروپ ہے جس نے امریکی حکومت کے تحت یوٹا یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ کے ایکسچینج پروگرام میں بھی حصہ لیا۔

ماسٹرز کرنے والے طلبہ کو امریکی حکومت کی جانب سے اسکالرشپ بھی فراہم کی گئیں۔ مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے یو ایس ایڈ کی امداد کو سراہا اور صوبے میں تعلیم و صحت کے منصوبوں میں مدد پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب پاکستان کو درپیش آبی مسائل حل کرنے کی صلاحیت، عزم اور حوصلہ رکھتے ہیں، یہاں سے حاصل کردہ نئی معلومات اورمہارتوں کے ذریعے آپ پاکستانی عوام کی صاف پانی، نکاسی آب اور حفظان صحت کی سہولتوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے لئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور اس کے علاوہ پانی کے ماحولیاتی نظام کی حفاظت اور ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور اس کے ساتھ یہ چیلنج بھی کرتی ہوں کہ آپ آج سے ہی تبدیلی کے لئے کردار ادا کرنا شروع کریں اور پاکستان کے روشن کل کی بنیاد رکھیں۔ مہران یونیورسٹی کا یو ایس پاکستان سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز امریکی حکومت کی مدد سے پاکستانی یونیورسٹیوں میں قائم کئے گئے 4 تحقیقی مراکز میں سے ایک ہے۔ یہ اقدام یوایس پاکستان سینٹرز فار ایڈوانس اسٹڈیز کے 12 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے بڑے پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد پانی، توانائی، زاعت اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کو درپیش مسائل پر اطلاقی تحقیق کے ذریعے ان کو حل کرنے کے اقدامات تجویز کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :