چیئرمین نیب نے سیّد زعیم حسین قادری اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر پنجاب سمال انڈسٹریل کوآپریٹو ایمپلائز ہائوسنگ سوسائٹی کی زمین پر قبضہ کرنے کا نوٹس لے لیا، ڈی جی نیب لاہور کو جانچ پڑتال کا حکم

پیر 8 جنوری 2018 19:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سپیشل اسسٹنٹ برائے ہائر ایجوکیشن پنجاب سیّد زعیم حسین قادری اور دیگر کے خلاف پنجاب سمال انڈسٹریل کوآپریٹو ایمپلائز ہائوسنگ سوسائٹی سے مبینہ طور پر غیر قانونی فوائد لینے اور سوسائٹی کی انتظامیہ کی مدد سے مبینہ طور پر سوسائٹی کی زمین پر قبضہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے اور 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیئرمین نیب نے ملتان سے سابق رکن پنجاب اسمبلی احمد حسین ڈاہر اور دیگر کے خلاف اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے سرکاری فنڈز سے اپنی زمین پر روڈ بنانے، کالونی بنانے اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے اور ڈی جی نیب ملتان کو 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے ریلوے کے سابق چیئرمین عارف عظیم کے خلاف مبینہ طور پر بدعنوانی اور 58 لوکو موٹیوز جن کی مالیت 15.300 ملین روپے بنتی ہے اور 40 پاور وین چینی فرم سے پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خریدے جن کی مالیت تقریباً 4600 ملین روپے بنتی ہے اور جو غیر معیاری ہونے کی وجہ سے اس وقت مبینہ طور پر استعمال نہیں ہو رہے، کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے اور 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔