صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے گوربا چوف ثابت ہونگے،ڈپٹی چیئرمین سینٹ

ملک میں سیاسی استحکام اشد ضروری ہے ن لیگ نے غلطیاں کی ہیں مگر اس کی سزا سسٹم کو نہ دی جائے مفاہمت کے بادشاہ آخر میں کھیل خراب نہ کر بیٹھیں ، بھٹو کی روح کیلئے جسم بھی بھٹو ہونا چاہئے، ٹرمپ کی دھمکیاں اس کی حواسی باختگی کا ثبوت ہے وہ اپنی ناکامی کا نزلہ ہم پر گرانا چاہتا ہے اور ہم کو دھمکانا چاہتا ہے مگر وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے ہم اب بھی افغانستان اس سے چھین سکتے ہیں، عبدالغفور حیدری

پیر 8 جنوری 2018 21:56

صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے گوربا چوف ثابت ہونگے،ڈپٹی چیئرمین سینٹ
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جنوری2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے گوربا چوف ثابت ہونگے ملک میں سیاسی استحکام اشد ضروری ہے ن لیگ نے غلطیاں کی ہیں مگر اس کی سزا سسٹم کو نہ دی جائے مفاہمت کے بادشاہ آخر میں کھیل خراب نہ کر بیٹھیں ، بھٹو کی روح کیلئے جسم بھی بھٹو ہونا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء کے مرکزی میڈیا سیل کے رکن آغا سید محمد ایوب شاہ و دیگر سے گفتگو کے دوران کیا سکھر سے صوبائی ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری مولانا عبدالحق مہر کے جاری کر دہ بیان میں مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ امریکہ دہشت گردی کی نامنہاد جنگ میں شکست پر مایوسی کا شکار ہو رہا ہے ٹرمپ کی دھمکیاں اس کی حواسی باختگی کا ثبوت ہے وہ اپنی ناکامی کا نزلہ ہم پر گرانا چاہتا ہے اور ہم کو دھمکانا چاہتا ہے مگر وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے ہم اب بھی افغانستان اس سے چھین سکتے ہیں امریکیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ اب پاکستان میں مشروف کی حکومت نہیں ہے مولانا حیدری کا مزید کہنا تھا کہ آج سب پاکستانی مولانا فضل الرحمن کی بولی بول رہے ہیں 15سال قبل صرف مولانا فضل الرحمن کہہ رہے تھے کہ امریکہ ہمارا دوست نہیں اور یہ جنگ ہماری جنگ نہیں آج پوری دنیا امریکی عزائم کو سمجھ چکے ہیں انہوں نے کہا کہ امریکہ عالمی امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے عالم اسلام کو جنگ کی نہیں امن کی ضرورت ہے جمعیت علماء اسلام ملک میں سیاسی اور جمہوری استحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے موجودہ حالات میں ہم سب کو سنجیدہ کردار ادا کرنا ہوگا اور متنازعہ فیصلوں اور سیاسی انتشار سے گریز کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے کے پی کے اور بلوچستان میں جمعیت علماء اسلام کو نظر انداز کیا اس کا اسکو خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے مگر اسکے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ سسٹم کو ڈی ریلی نہیں ہونا چاہئے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے ، پاکستان تحریک انصاف تو شروع دن سے ہی متنازعہ سیاست کر رہی ہے مگر مفاہمت کے بادشاہ زرداری نے عصر کے وقت روزہ توڑ دیا انہوں نے کہا کہ سندھ کی صورتحال بھی کچھ اچھی نہیں ہے لوگ سیخ پا اور سڑکو ں پر ہیں مگر بھٹو مرحوم کی روح کے دعویٰ دار ان مظلوموں کی داد رسائی کرنے کے بجائے ان پر لاٹھیاں برسا رہا ہے ۔