زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ڈیزائننگ و ڈسپلے آئیڈیازکی نمائش کا انعقاد

پیر 8 جنوری 2018 23:19

فیصل آباد۔8 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میںانسٹی ٹیوٹ آف ہوم سائنسز کے زیراہتمام کلاتھنگ و ٹیکسٹائل سیکشن میں گریجوایٹ ہونیوالے طلباء وطالبات کیطرف سے ڈیزائننگ و ڈسپلے آئیڈیازکی نمائش یونیورسٹی کے اقبال آڈیٹوریم میں ہوئی۔ نمائش کا افتتاح وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے ڈین کلیہ فوڈنیوٹریشن و ہوم سائنس ڈاکٹر مسعود صادق بٹ ‘پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر جلال عارف اور انچارج ہوم سائنسز ڈاکٹر عائشہ ریاض کے ہمراہ کیا۔

نمائش میں گروپ اسائن منٹس کی صورت میں بٹرفلائی ایفکٹس‘ سافٹنگ‘ونڈرلینڈ‘ آرٹ نویو‘ ڈائینم نیورڈائی‘ رائلٹی و فریگننس‘ وینٹج اور بلیک اینڈ وائٹ جیسے تھیم شامل کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے نمائش میں رکھے گئے ملبوسات اور ایگزی بیشن آئیڈیازکو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین میں گھریلو سطح پر بچت ‘ کاروباری اور معاشی اُمور میں مہارت اس امر کی غماز ہے کہ اگر انہیں اپنے آئیڈیاز کو عملی شکل میں کمرشلائز کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ کسی صورت مردوں سے کم نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کی کیریئر کونسلنگ اور ان کیلئے پیشہ وارانہ اُمور میں بزنس آئیڈیاز کے مقابلے تسلسل کے ساتھ منعقد کئے جا رہے ہیں جن کے انتہائی حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں 19جنوری کو ویمن چیمبر آف کامرس و انڈسٹری کے اشتراک سے خواتین کی پہلی انٹرپری نیورشپ نمائش کا اہتمام کیا جائیگا جس میں ملک بھر سے کامیاب اور نامور بزنس خواتین کو مدعو کیا جارہا ہے تاکہ نوجوان خواتین ان کے تجربات و مشاہدات سے مستفید ہوتے ہوئے اپنے لئے بھی کامیابیوں کی نئی راہیں متعین کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک میں خواتین تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا پوری طرح اظہار کر رہی ہیں تاہم ضرورت ہے کہ پاکستانی خواتین کو بھی نہ صرف آگے بڑھنے کے مواقع مہیا کئے جائیں بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کامیابیوں کیلئے بھی راہ ہموار کی جائے۔

متعلقہ عنوان :