ڈرپ اریگیشن کانظام زرعی شعبہ میں انقلاب لاسکتاہے،ماہرین واٹر مینجمنٹ جامعہ زرعیہ

بدھ 10 جنوری 2018 16:11

فیصل آباد۔10 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2018ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین واٹر مینجمنٹ نے کہاہے کہ ڈرپ اریگیشن کانظام زرعی شعبہ میں انقلاب لاسکتاہے جبکہ کاشتکاروں میں پانی کی اہمیت اجاگر کرکے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ بھی ممکن ہے،انہوںنے بتایاکہ موجودہ حالات میں جب پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے کاشتکاروں میں پانی کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں نیز کھیتوں کو مطلوبہ مقدار میں بروقت پانی کی فراہمی کے ذریعے زرعی اجناس کی پیداوارمیں نمایاں اضافہ کرکے سرسبز زرعی انقلاب کاراستہ ہموار کیاجاسکتاہے،انہوںنے بتایاکہ ڈرپ اریگیشن کا نظام نہائت فعال اور زراعت و کسان دوست ہے جس سے بلندی پر واقع قطعات اراضی کو ضرورت کے مطابق پانی دیاجاتاہے اور اس انداز سے بنجر اراضی کو لہلہاتی فصلوں میں بھی بدلنا ممکن ہے،انہوںنے کہاکہ پختہ کھال جہاں پانی کے ضیاع کو روکنے کاپیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں،وہیں زرعی ترقی کیلئے ان کا کردار کھیتوں کو وافر مقدار میں پانی کی فراہمی کے ضمن میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے،انہوںنے کہاکہ پختہ کھالوں کے ذریعے پانی کی ترسیل میں بھر پور مدد ملتی ہے۔