امریکی ریاست کیلی فورنیا میں طوفانی بارشیں : مٹی ، کیچڑ کے تودوں سے پیش آنے والے حادثات میں 13 افراد ہلاک ، سینکڑوں زخمی و لاپتہ

بارش کے ساتھ مٹی کے تودے اسی علاقے میں آئے ہیں جہاں گزشتہ ماہ جنگل کی آگ سے تباہی ہوئی تھی، ماہرین درجنوں لوگ سمندر اور جنگل کے درمیان محصور ہوکر رہ گئے ہیں، جن کی تلاش کے لیے سراغ رساں کتوں، ہیلی کاپٹرز اور دیگر ذرائع استعمال کئے جارہے ہیں،ترجمان امبر اینڈرسن امریکی محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے آ خر میں وسط مغربی اور شمال مشرقی ریاستوں میں نئے سمندری طوفان کی وارننگ جاری کردی، نظام زندگی مفلوج ، ہزاروں پروازیں منسوخ و تاخیر کا شکار

بدھ 10 جنوری 2018 16:39

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں طوفانی بارشیں : مٹی ، کیچڑ کے تودوں سے ..
کیلیفورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2018ء) امریکی ریاست کیلی فورنیا میں طوفانی بارشوں کے بعد مٹی اور کیچڑ کے تودوں سے پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 13 افراد ہلاک جب کہ سیکڑوں لاپتہ اور زخمی ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح امریکا بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر ہے، جس کی ایک مثال ریاست کیلیفورنیا میں قحط سالی اور شدید گرمی کے باعث جنگل میں لگنے والی امریکی تاریخ کی خوفناک ترین آگ اور اس کے کچھ ہی دنوں بعد شدید بارشیں ہیں۔

کیلی فورنیا کا علاقہ سانتا باربرا شدید گرمی کے بعد ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ جہاں اب تک 13 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی جاچکی ہے۔ اس کے علاوہ کم از کم 20 افراد زخمی ہیں جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سیلاب اور کیچڑ کے سبب ساحلی ریل لائن تقریبا 50 کلومیٹر تک بند ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کے ساتھ مٹی کے تودے اسی علاقے میں آئے ہیں جہاں گزشتہ ماہ جنگل کی آگ سے تباہی ہوئی تھی۔

سانتا باربرا کانٹی کی ترجمان امبر اینڈرسن کا کہنا ہے کہ درجنوں لوگ سمندر اور جنگل کے درمیان محصور ہوکر رہ گئے ہیں، جن کی تلاش کے لیے سراغ رساں کتوں، ہیلی کاپٹرز اور دیگر ذرائع استعمال کئے جارہے ہیں۔دوسری جانب طوفانی بارشوں کے باعث واشنگٹن ڈی سی ،نیویارک سٹی ، بالٹی مور، فلاڈیلفیا اور بوسٹن سمیت کئی شہروں میں نظام زندگی درہم برہم ہے، ہزاروں پروازیں تاخیر کا شکار اور سیکڑوں منسوخ کردی گئی ہیں۔ امریکی محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے آ خر میں وسط مغربی اور شمال مشرقی ریاستوں میں نئے سمندری طوفان کی وارننگ جاری کردی ہے جبکہ شدید بارشوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔