بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کے کگیسوربادا عالمی نمبر ایک ٹیسٹ باؤلر بن گئے

شکست کے باوجود ٹیم رینکنگ میں بھارت کی پہلی پوزیشن برقرار ہے ،ْ آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگ

بدھ 10 جنوری 2018 21:34

بھارت کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کے ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2018ء) بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا عالمی نمبر ایک ٹیسٹ باؤلر بن گئے ہیں لیکن شکست کے باوجود ٹیم رینکنگ میں بھارت کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشز سیریز اور جنوبی و بھارت کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ کے تحت بھارتی ٹیم 124 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ 111 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ،ْ آسٹریلین ٹیم ترقی پا کر تیسرے نمبر پر آ گئی۔

ایشز سیریز کی شکست خوردہ انگلش ٹیم 4-0 سے شکست کے بعد دو درجے تنزلی کے بعد تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلی گئی جبکہ نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کی جگہ چوتھی پوزیشن سنبھال لی، سری لنکا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کے خلاف عمدہ باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوبارہ دنیا کے نمبر ایک باؤلر بن گئے اور انہوں نے انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کردیا جو دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

بھارت کے خلاف مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے ورنن فلینڈر چھ درجے ترقی پا کر 12ویں سے چھٹے نمبر پر آ گئے البتہ مورنے مورکل تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے ،ْایشز سیریز میں سب زیادہ وکٹیں لینے والے پیٹ کمنز آٹھ درجے بہتری کے ساتھ 36ویں سے 28ویں نمبر پر آ گئے، بھوونیشور کمار 8 سیڑھیاں چڑھ کر 22ویں نمبر پر آگئے ہیں۔بلے بازوں کی رینکنگ میں آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور سرفہرست ہیں جبکہ انگلینڈ کے کپتان جوروٹ دو درجے ترقی پا کر چوتھے سے دوسرے نمبر پر آ گئے۔

بھارت کے کوہلی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے اور پجارا 2 درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے تاہماظہر علی بغیر کھیلے دو درجے ترقی کے ساتھ نویں سے ساتویں نمبر پر آ گئے۔انگلینڈ کے ایلسٹر کک ایک درجہ تنزلی کے بعد نویں اور ہاشم آملہ تین درجے تنزلی کے بعد ساتویں سے دسویں نمبر پر چلے گئے جبکہ کرکٹ میں واپسی کرنے والے اے بی ڈی ویلیئرز پانچ درجے اوپر چڑھ کر 18ویں سے 13ویں نمبر پر آ گئے۔آخری ایشز سیریز میں سنچری بنانے والے مارش برادران کی بھی ترقی ہوئی اور شان مارش 11 درجے چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے جبکہ مچل مارش 65ویں سے 57ویں نمبر پر آ گئے۔آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں۔

متعلقہ عنوان :