شاہ لطیف یونیورسٹی میں مقدس مقامات کی زیارت اور اقلیتی ملازمین کے مقدس مقامات کی زیارات کیلئے قرعہ اندازی

جمعرات 11 جنوری 2018 18:47

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2018ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورمیں ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام حج ، ایران کے مقدس مقامات کی زیارت ، اور اقلیتی ملازمین کے مقدس مقامات کی زیارات کیلئے قرعہ اندازی ہوئی۔پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی رجسٹراراس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری میڈیا کوآرڈنیٹر اور الطاف حسین بھٹوڈائریکٹر فنانس اعزازی مہمان تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹرسید اسد رضا عابدی نے کہا کہ مجھے حج ، ایران کے مقدس مقامات اور اقلیتی ملازمین کے مقدس مقامات کی قرعہ اندازی کرتے ہوئے نہایت خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین یونیورسٹی کے اہم اسٹیک ہولڈرز ہیں انہی کی کوششوں کی وجہ سے یونیورسٹی نے ترقی حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

ملازمین کے دیرینہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے ملازمین کو کہا کہ وہ مقدس مقامات پر اپنے پیارے وطن پاکستان اور اپنے ادارے کی ترقی کیلئے دعا کریں۔ حاجی فیض محمد پھلپوٹو صدر ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور محمد اسلم گھمروجنرل سیکریٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کے نہایت شکر گذار ہیں کہ جنہوں نے ملازمین کے مسائل کو حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائیس چانسلر برابری پر یقین رکھتی ہیں۔

انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ ادارے کی ترقی کیلئے شب و روز محنت کریں گے۔ حج کی قرعہ اندازی میں نور محمد منگی، تسلیم ملاح اور سلطان گاہو منتخب ہوئے۔ ایران کے مقدس مقامات کی زیارت کیلئے سید رضا شاہ، منیر احمدشیخ، اور شاہد حسین رند منتخب ہوئے۔ اقلیتی ملازمین کے مقدس مقامات کی زیارات کیلئے درشن لعل اور افضل کنول منتخب ہوئے۔ قرعہ اندازی میں قلندر بخش بوزدار، رضا محمد درانی، لطیف ڈنو پہوڑ، یونس گلال، محمد اقبال سوہو، منیر جونو، عبدالغفور سومرو اور ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔