ترقی اور خوشحالی کا خواب اسی صورت میں شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب لوگوں کو اہلیت ،صلاحیت کی بنیاد پر ترقی کے یکساںمواقع میسر ہوں، راجہ فاروق حیدر

ریاست کے وسائل چند خاندانوں کی ملکیت نہیں ،باصلاحیت لوگوں کی امور حکومت اور انتظامیہ میں شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں،ماضی میں پڑھے لکھے اور باصلاحیت طبقے کو نظر انداز کرنے سے معاشرے میں بے چینی بڑھی، وزیراعظم آزاد کشمیر کی وفود سے گفتگو

جمعرات 11 جنوری 2018 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ترقی اور خوشحالی کا خواب اسی صورت میں شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب لوگوں کو اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر ترقی کے یکسان مواقع میسر ہوں، ریاست کے وسائل چند خاندانوں کی ملکیت نہیں ،باصلاحیت لوگوں کی امور حکومت اور انتظامیہ میں شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں،ماضی میں پڑھے لکھے اور باصلاحیت طبقے کو نظر انداز کرنے سے معاشرے میں بے چینی بڑھی۔

قانون کی حکمرانی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ تارکین وطن کا اعتماد بحال کرنے لئے حکومت آزاد کشمیر عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ،تارکین وطن کو آزاد خطہ کے اندر سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ماحول مہیا کرنے کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔

(جاری ہے)

قصور میں کمسن لڑکی کے قتل میں ملوث ملزمان کو عبرتناک سزا دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن برطانیہ اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے جماعتی وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ قصور میں پیش آنے والا سانحہ معاشرے کا بھیانک چہرہ ہے اخلاقی تربیت کے لیے سب کو مل کر اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔ ایسے سانحات کا رونما ہونا سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔اس حوالے سے تمام مکاتب فکر کو مل کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگی۔ معصوم بچوں سے زیادتی اور ان کے قتل کا ارتکاب کرنے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں۔

مجرموں کو سزا دلانے کیلئے انصاف کے نظام کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر ہے ، ایسے ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ٹیٹوال کے اندرقابض بھارتی فوج کی طرف سے خاتون کے ساتھ زیادتی اور اس کا قتل بدترین دہشت گردی اور جنگی جرم ہے اس انسانیت سوز واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے والوں اور مقبوضہ کرناہ میں صدائے احتجاج بلند کرنے والوں پر قابض بھارتی فوج کا وحشیانہ تشدد قابل مذمت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سختی سے نوٹس لیں ۔مقبوضہ کشمیر کے عوام سنگینوں کے سائے تلے اور عملی طور پر فوجی کیمپ میں رہنے والے کشمیری ہندوستان کے جبری قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندردستیاب وسائل کادرست استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے 5سال کے اندر ایسا نظام بنا کر جائیں گے جسے کوئی تبدیل نہیں کر سکے گا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ لیگی حکومت عوام کی مشکلات کے ازالے کے لیے کوشاں ہے۔ میرٹ کی بحالی کے لیے جاندار اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس مقصد کے لئے حکومت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔ خطہ کے اندار آئین و قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ آئیں و قانون کو نظر انداز کر کے ترقی نہیں کی جا سکتی اور نہ معاشرے و نظام میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :