گندم کی اچھی پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی ضروری ہے،محکمہ زراعت

جمعرات 11 جنوری 2018 19:38

ملتان۔11جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2018ء)محکمہ زراعت کے ماہرین نے کہا ہے کہ گندم کی اچھی اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی انتہائی ضروری ہے کیونکہ جڑی بوٹیوں کی وجہ سے 14 سے 42 فیصد تک پیداوار کم ہو جاتی ہے، ماہرین نے مزید کہا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے پہلی آبپاشی کے بعد کھیت وتر حالت میں آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں، فصل کی ابتدائی حالت میں پہلے پانی کے بعد جڑی بوٹیوں کی شناخت کو مدنظر رکھتے ہوئے جڑی بوٹی مار زہروں کا فوراً سپرے کریں،چوڑے اور نوکیلے پتوں والی دونوں اقسام کی جڑی بوٹیوں کی موجودگی کی صورت میں دونوں طرح کے زہروں کو ملا کر یا ان کے تیار شدہ مکسچرز جو کہ مارکیٹ میں دستیاب ہیں سپرے کریں ورنہ علیحدہ سپرے کریں،جڑی بوٹی مار زہروں کے سپرے کیلئے 100 یا 120 لٹر پانی فی ایکڑ استعمال کریں،سپرے اس وقت کریں جب سورج پوری طرح چمک رہا ہواور دھند یا شبنم کے اثرات فصل پر نہ ہوں،سپرے مشین کو اچھی طرح صاف کر کے فلیٹ فین یا ٹی جیٹ نوزل کے ذریعے سپرے کریں،سپرے کے دوران فصل کا کوئی حصہ دوسری بار سپرے نہ ہو اور نہ ہی کوئی حصہ سپرے سے رہ جائے،دھند، تیز ہوا اور بارش کی صورت میں سپرے نہ کریں اور سپرے کے بعد گوڈی کا استعمال بھی نہ کریں،علیحدہ سپرے کی صورت میں یا دونوں طرح کے زہر ملا کر سپرے کرنے کی صورت میں زہروں کی مقدار کم نہ کریں،سپرے کے دوران ماسک اور ہاتھوںپر دستانے ضرور پہنیں اور ہوا کے رخ سپرے نہ کریں۔