قصور جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے سکولوں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے شعور اجاگر کیا جائے، ڈاکٹر شیریں مزاری

جمعہ 12 جنوری 2018 14:32

قصور جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے سکولوں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ معصوم بچی زینب کے ساتھ بھیانک ظلم ہوا ہے‘ ایسے واقعات کے مرتکب افراد کو چوکوں اور عوامی مقامات پر لٹکانا چاہیے‘ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سکولوں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے شعور اجاگر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں سانحہ قصور پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ ملک میں عورتوں‘ بچوں اور اقلیتوں کے ساتھ ظلم ہوتا آرہا ہے‘ دراصل ہم ایسے معاملات کو زیر بحث لانا ہی نہیں چاہتے،, معصوم بچی زینب کے ساتھ بھیانک ظلم ہوا ہے اس کو زیادتی کے بعد کوڑے میں پھینکا گیا ہے‘ یہ مخصوص ذہنیت اور معاشرے کی خرابی ہے، جب تک سزا کا عمل نہیں ہوگا ایسے سانحات کا سدباب نہیں ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے واقعات کے سدباب کے لئے اقدامات انسانیت کو مدنظر رکھ کر اٹھانا ہوں گے، وقت آگیا ہے معاشرے اور سیاستدانوں کو ملک کے بچوں کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ایسے واقعات کے مرتکب افراد کو چوکوں اور عوامی مقامات پر لٹکانا چاہیے، قرارداد کی منظوری کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ایکشن کی ضرورت ہے، عوام کا انصاف کے اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پوائنٹ سکورنگ نہ کی جائے اور اداروں کی ناکامی تسلیم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سکولوں اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے شعور اجاگر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ ظلم زینب کے ساتھ نہیں پورے پاکستان کی بچیوں کے ساتھ ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :