سانحہ قصور جیسے واقعات کے سدباب کے لئے شعور اجاگر کرنے کے پروگرام شروع کئے جائیں‘ کشور زہرہ

جمعہ 12 جنوری 2018 14:32

سانحہ قصور جیسے واقعات کے سدباب کے لئے شعور اجاگر کرنے کے پروگرام شروع ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) ایم کیو ایم پاکستان کی رکن کشور زہرہ نے کہا ہے کہ سانحہ قصور جیسے واقعات کے سدباب کے لئے شعور اجاگر کرنے کے پروگرام شروع کئے جائیں‘ نصاب تعلیم میں تبدیلیاں کی جائیں‘ قوانین کا نفاذ اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں قصور واقعہ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کشور زہرہ نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران 12 بچیوں کے ساتھ واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

دو کلو میٹر کے علاقے میں ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں صاف ظاہر ہے کہ وہاں کوئی ایسا عادی مجرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے سدباب کے لئے حکومت کی طرف سے شعور اجاگر کرنے کے پروگرام شروع کئے جائیں۔اس حوالے سے نصاب تعلیم میں تبدیلیاں کی جائیں۔ ریاست کو عوامی مسائل پر توجہ دینی ہوگی، ہماری بات کو سیاسی تنقید نہ سمجھا جائے بلکہ ہمیں اپنی غلطیوں کو تسلیم کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کا نفاذ اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے انتہائی سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔