زینب کیس کی تحقیقات :ملزم کے قریب پہنچ گئے ہیں-ترجمان حکومت پنجاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 12 جنوری 2018 15:13

زینب کیس کی تحقیقات :ملزم کے قریب پہنچ گئے ہیں-ترجمان حکومت پنجاب
قصور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 جنوری۔2018ء)پنجاب حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ زینب کیس کی تحقیقات کے دوران ملنے والے سراغ کی بنیاد پر کہہ سکتے ہیں کہ ہم ملزم کے قریب پہنچ گئے ہیں اور وہ جلد کیفر کردار تک پہنچے گا۔قصور میں صوبائی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرس کے دوران پنجاب حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایک ہی علاقے میں اس طرح کے واقعات ہونا افسوسناک ہے، ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ عوام میں غم و غصہ تھا ان کے دکھ کا مداوا ہونا چاہیے تھا، پولیس اہلکاروں کو مظاہرین پر فائرنگ نہیں کرنی چاہیے تھی۔

پولیس کی جانب سے فائرنگ پر وزیراعلیٰ پنجاب نےفوری ایکشن لیا۔ترجمان پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ زینب کے اہل خانہ کے دکھ کا مداوا صرف اسی صورت میں ہوسکتا ہے کہ ہم ملزم تک پہنچیں اور اسے قرار واقعی سزا دلوائیں، واقعے میں ملوث شخص کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں، زینب قتل کیس میں ملزم کا پہلا سراغ مل گیا ہے، 6 بچیوں میں ایک ہی شخص کا ڈی این اے ملا ہے، شہادتوں کی بنیاد پر لگتا ہے کہ قصور میں زیادتی کا شکار ہونے والی زینب کا قاتل کوئی سیریل کلر ہے، کوئی ایک شخص ہے جو تسلسل کے ساتھ بچیوں کو اغوا کے بعد قتل کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ہم ملزم کے قریب پہنچ گئے ہیں، وہ جلد کیفر کردار تک پہنچے گا، 24 گھنٹے میں ہونے والی تحقیقات سے متعلق عوام کو آگاہ کریں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیررانا مشہود نے کہا کہ زینب کے قاتلوں کو پکڑا جانا چاہیے اور اسے قرارواقعی سزا ملنی چاہیے، ہمیں شہر کے امن کو خراب نہیں کرنا ہے بلکہ اس مصیبت کا خاتمہ کرنا ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ املاک کو نقصان نہ پہنچائیں، تحقیقاتی اور تفتیشی اداروں کا امن بحال کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیراعلیٰ پنجاب ذاتی طور پر کیس کی نگرانی کررہے ہیں، وہ واقعے کی تحقیقات اور امن وامان کی بحالی کو بھی دیکھ رہےہیں۔

کچھ مشتبہ افراد کو پکڑا گیاہے، جلد ہی اہم اعلان کریں گے۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ قصور واقعات میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔