زینب واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار، معروف اداکارہ صبا قمر بھی اپنے آنسو نہ روک پائیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 12 جنوری 2018 15:17

زینب واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار، معروف اداکارہ صبا قمر بھی اپنے آنسو نہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جنوری 2018ء): زینب واقعہ پر جہاں قوم اشکبار ہے وہیں شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی پری جیسی معصوم جان سے اس درندگی کی شدید مذمت کی ۔ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں معروف اداکارہ صبا قمر کو بطور مہمان مدعو کیا گیا تو صبا کے آنسو تھے کہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے۔ صبا قمر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی ، میں آرام سے گھر میں اپنے گرم بستر میں بیٹھ کر آرام کر سکتی تھی۔

میں بہت حساس ہوں ، میری آنکھوں کے سامنے تین الفاظ گردش کر رہے ہیں۔ اغوا، زیادتی اور قتل۔ صبا قمر کا کہنا تھا کہ آج صبح جب میں باتھ روم گئی تھی تو مجھے بہت سردی لگی اور مجھے خیال آیا کہ زینب کو کتنی سردی لگی ہو گی ، وہ کتنا تڑپی ہو گی۔

(جاری ہے)

اس پر صبا قمر کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے اور انہوں نے پیغام دیا کہ حکومت کو کچھ کرنا چاہئیے ، ہمیں انصاف چاہئیے۔

صبا قمر نے خواتین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اُٹھائیں اور لوگوں سے بھی اپیل کی کہ اگر کوئی بندہ کسی عورت کو مار رہا ہے تو یہ مت کہیں کہ یہ ان کا نجی معاملہ ہے، بلکہ آگے بڑھیں اور ظلم کو روکیں۔ اپنی بچیوں کو سکھائیں کہ اگر کوئی آپ کو غیرمناسب انداز میں ہاتھ لگا رہا ہے تو اسے تھپڑ لگانا سکھاؤ اور اسے گالی دینا سکھاؤ۔

صبا قمر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے کو نہ جانے کیا ہو گیا ہے، دنیا بھر میں ہمیں اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ میں فلم کی شوٹنگ کے لیے بیرون ملک گئی تو میرے ساتھ موجود تمام بھارتی عملہ گزر گیا لیکن چونکہ میرے پاکستان کا پاسپورٹ تھا ، مجھے روکا گیا اور میری تلاشی لی گئی۔ صبا قمر نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ اقدامات کریں اور انصاف دیں۔ صبا قمر کی یہ گفتگو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: