ریاست قومی سلامتی کے چیلنجوں بارے آگاہ ہے، وزیراعظم

جمعہ 12 جنوری 2018 16:53

ریاست قومی سلامتی کے چیلنجوں بارے آگاہ ہے، وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف شاندار کامیابی حاصل کی ،پاکستا ن کی سرزمین پر ان کی کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں ہے، دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے، ریاست قومی سلامتی کے چیلنجوں بارے آگاہ ہے ۔جمعہ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکا سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف شاندار کامیابی حاصل کی ،پاکستا ن کی سرزمین پر ان کی کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور ان کی مذموم سرگرمیاں کرنے کی صلاحیت کو کافی حد تک کم کردیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ ریاست قومی سلامتی کے چیلنجوں کے بارے میں آگاہ ہے اوروہ دونوں اندرونی اور بیرونی مسائل کو حل کررہی ہے۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہاکہ معاشرے سے دہشت گردوں کے خفیہ سلز اوران کے ہمدردوں سے پاک کرنے کیلئے آپریشن ردالفساد جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ نہ صرف ریاستی امور پر مبنی سوچ کومعاشرتی سکیورٹی خدشات کی طرف مرکوز کیاگیا ہے بلکہ قومی سلامتی کے تصور اور اسے سمجھنے کی طرف بھی توجہ دی گئی ہے۔وزیراعظم نے کورس گریجویٹ کومبارکباد دیتے ہوئے ان پرزوردیا کہ وہ ملک کو درپیش خطرات کے خلاف قومی ردعمل کیلئے اقدام اٹھائیں۔