پولیس فائرنگ سے 2افراد کی ہلاکت کا مقدمہ وزیر اعلیٰ ،وزیر قانون کیخلاف درج کرنے کیلئے درخواست دائر

جمعہ جنوری 16:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جنوری2018ء) قصور میں سات سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے دو افرادکے قتل کا مقدمہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون پنجاب کے خلاف درج کرنے کیلئے سیشن کورٹ میں درخواست دائرکر دی گئی۔

تحریک انصاف کی رہنما تنزیلہ عمران کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ قصور میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ خاں کی ایما پر پولیس نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے اور نہتے شہریوں کا قتل عام حلف کی خلاف ورزی اور پولیس کی قانون کو ہاتھ میں لینے کی بدترین مثال ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب اور وزیر قانون پنجاب کے خلاف قتل اور دہشت گدری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے ۔

Your Thoughts and Comments