پیٹرولیم نرخوں میں اضافے سے اشیاء خوردونوش کے دام بڑھنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع

جمعہ 12 جنوری 2018 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) پیٹرولیم نرخوں میں اضافے سے اشیاء خوردونوش کے دام بڑھنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی گئی ۔ مسلم لیگ (ق) کی رکن اسمبلی خدیجہ عمر کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ حکومتی نااہلی کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے اشیا خوردونوش کے دام بھی بڑھ گئے۔

(جاری ہے)

آٹا،سبزیاں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے لگا جس سے غریب عوام شدید مالی پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔اشیا خوردونوش کے ساتھ ساتھ ادویات کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کردیا گیا،پرائس کنٹرول کمیٹیاں قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہیں جس کی وجہ سے گوشت، سبزیاں اور دیگر اشیا عوام کی دسترس سے باہر ہیں ، چیک اینڈ بیلنس کا مربوط نظام نہ ہونے سے شہری روزمرہ اشیا مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں ، قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔انکا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔