بھارت کے غیرقانونی تسلط نے کشمیریوں کو قتل وغارت کے سوا کچھ نہیں دیا، سیّد علی گیلانی

کشمیر کی تاریخ محبوبہ مفتی جیسے سیاسی چاپلوسوں سے بھری پڑی ہے، اقتدار کے عوض قوم کی قربانیوں سے آنکھیں چرانا ضمیر فروشی کی انتہا ہے، بیان

جمعہ 12 جنوری 2018 19:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیّد علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی فوجی تسلط نے کشمیریوں کو قتل وغارت، جبر و استبداد اور دھوکہ وفریب کی سیاہ تاریخ کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے نام نہاد اسمبلی میں دیئے گئے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی تاریخ محبوبہ مفتی جیسے سیاسی چاپلوسوں سے بھری پڑی ہے۔

محبوبہ مفتی نے نام نہاد اسمبلی میں کہا تھا کہ بھارت نے کشمیریوں کو سب کچھ دیا ہے اور کشمیریوں نے بھارت کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کے فوجی تسلط کو قبول نہیں کیا ہے اور وہ اس کے خلاف گزشتہ ستر برس سے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

حریت چیئرمین نے کہ بھارت نے 1947ء سے اب تک چھ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو قتل ، سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں عام شہریوں کو قید ، سینکڑوں کی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کو آنکھوں کی بینائی سے محروم اور کھربوں روپے کی جائیدادوں کوبرباد کیا۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ خاتون کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کو ظلم وبربریت سے لبریز اس تاریخ کو نظرانداز کرکے گمراہ کن بیانات سے شرم محسوس کرنی چاہیے ۔ سید علی گیلانی نے محبوبہ مفتی کے بیان پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے عوض قوم کی قربانیوں سے آنکھیں چرانا ضمیر فروشی کی انتہا ہے۔ دریں اثناء سیکرٹری جنرل غلام نبی سمجھی کی صدارت میں میں سرینگر میں منعقدہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے مجوزہ نام نہاد پنچائتی الیکشن کا فقید المثال بائیکاٹ کرنے کے فیصلے کی متفقہ طور پر تائید وتوثیق کی گئی۔ اجلاس میں زمرودہ حبیب، محمد یٰسین عطائی، فیروز احمد خان، امتیاز احمد، مولوی بشیر عرفانی، حکیم عبدالرشید، بلال صدیقی، محمد شفیع شاہ، غلام محمد ناگو، پیر عبدالرشید، گلشن عباس، خواجہ فردوس، محمد شفیع لون اور غلام احمد گلزار نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :