قصور واقعے نے کمسن بچوں کے والدین میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا دیا

راولپنڈی میں والدین نے طلباء وطالبات کے قبل ازوقت سکول پہنچنے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 12 جنوری 2018 20:20

قصور واقعے نے کمسن بچوں کے والدین میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا دیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جنوری2018ء)نجی سکولوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے والدین نے سکول انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ طلباء وطالبات کے قبل ازوقت سکول پہنچنے پر پابندی عائد کی جائے۔خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے والدین نے پک اینڈ ڈراپ وین کے ذریعے طلباء و طالبات کے سکول وقت سے قبل پہنچنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

والدین کا کہنا تھا کہ پک اینڈ ڈراپ سروس کے مالکان دو سے تین شفٹوں کو سکول چھوڑنے کی غرض سے بچوں کو سکول وقت سے بہت پہلے ڈراپ کردیتے ہیں جو کہ سراسر سیکورٹی رسک ہے۔ لہذا سکول انتظامیہ اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے اور سکول وقت سے نصف گھنٹہ قبل سے زائد کسی بھی طالب علم کو سکول کی حدود میں داخل ہونے کی ممانعت کر دی جائے ۔ طلباء و طالبات کے والدین نے بتایاکہ طلباء و طالبات کی سکول وقت سے قبل سکول میں موجودگی کسی سانحہ قصور کو جنم دے سکتی ہے لہذا اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کیاجائے اور اس کو حل کیا جائے ۔