سانحہ ماڈل ٹائون پر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں،آصف زرداری 17 جنوری کو لاہور میں تاریخی خطاب کرینگے ‘قمر زمان کائرہ

ماڈل ٹائون ،قصور کے قاتل اب بچ نہیں پائیں گے، شریفوں کی پولیس گردی کا سورج غروب ہو رہا ہے‘صدر پیپلزپارٹی وسطی پنجاب

جمعہ 12 جنوری 2018 22:18

سانحہ ماڈل ٹائون پر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں،آصف زرداری 17 جنوری کو لاہور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ 17جنوری کو آل پارٹیز کے جلسے سے سابق صدر آصف علی زرداری تاریخی خطاب کریں گے،شہیدوں کے خون کا حساب لینے کی اس جنگ میں ہم طاہرلقادری کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے مختلف پارٹی میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی تحریک کی دعوت پر 17جنوری کو مال روڈ لاہور پر عوامی طاقت کا شاندار مظاہرہ کرے گی۔

ہزاروں جیالے پارٹی پرچموں کے ساتھ جلسے میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ فائنل راونڈ ہے ،قاتل حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ شریفوں کا غرور خاک میں ملنے والا ہے۔ماڈل ٹان اور قصور کے قاتل اب بچ نہیں پائیں گے،سب دیکھ رہے ہیں شریفوں کی پولیس گردی کا سورج غروب ہو رہا ہے کیونکہ معصوم شہیدوں کا لہو شریفوں کی بربادی کا ضامن ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پیپلز پارٹی پنجاب کے صدرقمرزمان کائرہ نے شعبہ اقلیتی امور کے سربراہ عمران اٹھوال، یوتھ ونگ کے صدر زوہیب بٹ اور دیگر تنظیمی عہدے داران سے بھی 17جنوری کے جلسہ کے حوالے سے مشاورت کی۔انہوں نے زور دیا کہ 17جنوری کو پیپلز پارٹی پنجاب کی تمام ڈویزنل اور ضلع تنظیمی اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور جلسہ کو کامیاب کروایا جائے۔پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ پیپلز پارٹی کے سرکردہ کارکن چوہدری ظہیر احمد کے گھر بھی گئے اور انکے والد کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا ۔اس موقع پر پیپلز پارٹی پنجاب کے سنئیر نائب صدر چوہدری اسلم گل اور دیگر رہنما بھی انکے ہمرہ تھے۔