زینب قتل جیسے واقعے نے قوم کا سر شرم سے چھکا دیا ہے، جماعت اسلامی بہاولپور

ایسی وارداتیں متواتر ہو رہی ہیں جبکہ حکمرانوں کا کر دار محض اخباری بیانات تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ،یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کے دل مردہ ہو چکے ہیں

جمعہ 12 جنوری 2018 22:31

زینب قتل جیسے واقعے نے قوم کا سر شرم سے چھکا دیا ہے، جماعت اسلامی بہاولپور
بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء) امیرجماعت اسلامی ضلع بہاولپور ڈاکٹر محمد اشرف ،امیر شہر سید ذیشان اخترنے قصور میں 7 سالہ معصوم بچی کیساتھ زیادتی کے بعد بہیمانہ قتل اور اس حوالے سے مظاہرہ کرنیوالے افراد پر پولیس کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

ایسی وارداتیں متواتر ہو رہی ہیں جبکہ حکمرانوں کا کر دار محض اخباری بیانات تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کے دل مردہ ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اگر اسلامی قوانین کا نفاذ کر دیا جاتا تو آج ملک میں صورتحال مختلف ہوتی۔مگر بد قسمتی سے اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے پاکستان میں انگریزوں کا قانون رائج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ معصوم بچیوں کے ساتھ جتنے بھی زیادتی کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔ان میں پولیس کی بے حسی اور مجرمانہ کر دار کھل کر سامنے آیا ہے۔ مجرمان کو اللہ اور اسکے رسول کے بنائے ہوئے قوانین کے مطابق عبرتناک سزا دیدی جائے تو کسی دوسرے کو ایسا گنا ہ کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔ معاشرتی اصلاح کیلئے پاکستان میں شرعی قوانین کا اطلاق ضروری ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے اس المناک واقعے کا ازخود نوٹس لینا بر وقت اوردرست اقدام ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس افسوس ناک واقعہ میں ملوث ملزمان کوگرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں لاقانونیت کی انتہا ہو چکی ہے۔ قصور میں معصوم بچی کیساتھ پیش آنے والا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ 2015میں بھی ایک بڑا اسکینڈل سامنے آچکا ہے۔ اب تک 12سے زائد معصوم بچیوں کوجنسی تشدد کا نشانہ بنا یا جا چکا ہے جو کہ موجودہ حکمرانوں کی گڈ گورنس پر سوالیہ نشان ہے۔

متعلقہ عنوان :