بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سال 52 ملازمین کو حج کی سعادت کیلئے بھیجے گی، میئرکراچی

تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ملازمین کو حج کی سعادت کیلئے بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، ادارے کو مستحکم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کریں،وسیم اختر

جمعہ جنوری 22:45

بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سال 52 ملازمین کو حج کی سعادت کیلئے بھیجے گی، میئرکراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سال 52 ملازمین کو حج کی سعادت کے لئے بھیجے گی، تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ملازمین کو حج کی سعادت کے لئے بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے، ادارے کو مستحکم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کریں، ہمیںاپنی بلدیاتی خدمات کے لئے کسی ستائش کی ضرورت نہیں ایک چیلنج لے کر کراچی کی خدمت اور ترقی میں مصروف عمل ہیں، شہرکی بہتر انداز میں خدمت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی سہ پہر کے ایم سی بلڈنگ میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کے لئے حج کی قرعہ اندازی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین لینڈ کمیٹی سید ارشد حسن، چیئرمین قانونی امور کمیٹی عارف خان ایڈوکیٹ، امان خان آفریدی اور کے ایم سی کے افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اس سال حج کی قرعہ اندازی کے لئے 221 افسران جبکہ 848 کم گریڈ کے ملازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں ، گریڈ 16 اور زائد کے افسران میں سے 16 افسران جبکہ گریڈ 1 تا 15 کے ملازمین میں سے 36 ملازمین کے نام قرعہ اندازی میں نکالے گئے ہیں جبکہ ویٹنگ لسٹ کے لئے خواتین کے ناموں میں سے قرعہ اندازی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ جو خوش نصیب افراد جن کا حج قرعہ اندازی میں نام نکلا ہے وہ اپنے شہر ، ملک اور ادارے کو دعائوں میں یاد رکھیں،،حج پر جانے والے اللہ کے مہمان ہیں،،حج کے سفر پر جانے والے خوش نصیب ہیںلہٰذا وہ سفر کی مشکلات کو خوش دلی سے برداشت کریں، اس پر بھی اجر ہے،انہوں نے کہا کہ اس بار قرعہ اندازی میں محکمہ فائربریگیڈ کے ملازمین کی تعداد زیادہ رہی ہے جسے دیکھ کر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ محکمہ فائربریگیڈ سے وابستہ ملازمین اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر انسانوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے بھی محکمہ فائربریگیڈ کے ملازمین پر خصوصی مہربانی کی اور اس محکمے سے 9 ملازمین اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے روانہ ہوں گے انہوں نے کہا کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے، گزشتہ روز احسن آباد کیمیکل فیکٹری میں لگنے والی آگ پر بھی محکمہ فائربریگیڈ کے ملازمین ہی نے کم وسائل کے باوجود ایک عزم اور جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے بروقت قابو پالیا جس کے باعث نقصان بھی کم ہوا اور قیمتی جان بھی ضائع نہیں ہوئی لیکن ہمیں بعض اوقات اس بات پر حیرت ہوتی ہے کہ جو اچھا کام کسی محکمے کی جانب سے انجام دیا جائے اس کے حوالے سے کسی فورم پر یا تو بات کی ہی نہیں جاتی یا بہت ہی کم تذکرہ کیا جاتا ہے بحرحال منتخب بلدیاتی نمائندوں کی پوری ٹیم ایک جذبے کے تحت شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے مستقل کوشاں ہے ہماری خواہش ہے کہ یہ ادارہ مستحکم ہو اور اس سے وابستہ ملازمین کے مسائل حل ہوں تاکہ یہ ملازمین ایک نئی توانائی کے ساتھ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے پیش پیش رہیں انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب آدمی کے لئے حج کے اخراجات برداشت کرنا ایک مشکل عمل ہے جبکہ حج کی سعادت بہت بڑی ہے یہی وجہ ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے ملازمین کو حج پر بھیجنے کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ وہ ملازمین بھی جو حج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے اللہ کے مہمان بن جائیں۔

متعلقہ عنوان :

Your Thoughts and Comments