Live Updates

مال روڈ احتجاج میں آصف علی زرداری اور عمران خان کی شرکت کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں،ظلم اور ناانصافی کے خاتمے کیلئے تمام طبقات احتجاج میں شریک ہوں، پورا ملک سراپا احتجاج ہے، اب ’’قاتلو ملک و قوم کی جان چھوڑ دو‘‘تحریک چلے گی، قاتل اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سینئر رہنمائوں سے گفتگو

جمعہ 12 جنوری 2018 23:06

مال روڈ احتجاج میں آصف علی زرداری اور عمران خان کی شرکت کے اعلان کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ مال روڈ احتجاج میں آصف علی زرداری اور عمران خان کی شرکت کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں،ظلم اور ناانصافی کے خاتمے کیلئے تمام طبقات احتجاج میں شریک ہوں، پورا ملک سراپا احتجاج ہے، اب ’’قاتلو ملک و قوم کی جان چھوڑ دو‘‘تحریک چلے گی، قاتل اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔

وہ جمعہ کو یہاں سینئر رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے۔اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈئر(ر)محمد اقبال،چوہدری فیاض وڑائچ،نور اللہ صدیقی،جواد حامد ودیگر راہنما موجود تھے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پولیس وہی کرتی ہے اشرافیہ جس کا حکم دیتی ہے، پنجاب پولیس ہٹلر کی گسٹاپو فورس بن چکی اور وزیر اعلیٰ،وزراء،ایم پی اے، ایم این ایز کے حکم پر مخالفین کو ٹھکانے لگا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عوام چوروں،قاتلوں، ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں،ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اے پی سی کے اعلان کردہ مال روڈ احتجاج میں ناانصافی کا شکار کسان، مزدور،کلرک شرکت کریں گے۔ وکلاء، ینگ ڈاکٹرز بھی ماڈل ٹائون کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔’’شریف راج‘‘ کے خاتمہ کے لیے عوام ایک پیچ پر آگئے۔حکمرانوں نے اس لیے ظلم کی انتہاء کی کہ عوام اسے قبول کرتے چلے گئے، ظلم کی یہ خاصیت ہے یہ اتنا بڑھتا ہے جتنا اسے قبول کیا جاتا ہے ، انسانی خون سے پیاس بجھانے والی پولیس شریف جونیئر کے دس سالہ اقتدار کا واحد تحفہ ہے۔

قاتل اقتدار کی رخصتی اب دنوں کی بات ہے،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے گریبان میں جھانکیں کہ طویل ترین اقتدار اور نام نہاد خد مت کے دعووں کے باوجود وہ دن کے اجالے میں پبلک کا سامنا کیوں نہیں کر پار ہی انہوں نے کہا کہ اب احتساب اور مؤاخذے کی گھڑی آپہنچی،قاتلوں کی لوٹ مار کی دولت اور کوئی تدبیر اب ان کے کام نہیں آئے گی۔خرم نواز گنڈا پور نے تنظیمی رابطوں اور رابطہ عوام مہم کے حوالے سے سربراہ عوامی تحریک کو تفصیل سے بریفنگ دی اور بتایا کہ کارکنوں عوامی حلقوں میں جوش و جذبہ ہے اور وہ ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے،دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی طرف سے آج 13جنوری کو 1بجے پریس کلب لاہور کے باہر جسٹس فار زینب کے لیے احتجاج ہو گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات