درخت اور جنگلات ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی

سندھ اور کراچی میں بھی پودے لگائے جائیں تاکہ سندھ کے شہریوں کی بھی ماحولیاتی آلودگی سے حفاظت ممکن ہوسکے، صدر پی ٹی آئی سندھ

جمعہ 12 جنوری 2018 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ کراچی شہر سمیت صوبے بھر میں درخت لگائے جائیں اور جنگلات قائم کیے جائیں۔ ماحولیاتی آلودگی شہر کراچی اور صوبے بھر میں بڑھتی ہوئی بیماریوں کا سبب ہے۔

ماحولیاتی آلودگی سلوپوائزن کی طرح ہے جو آہستہ آہستہ انسانی صحت کو خراب کرکے اسے تباہی کی جانب دھکیلتی ہے۔ درخت اور جنگلات ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے سندھ سیکرٹر یٹ میں سیکریٹری جنگلات سندھ سے ملاقات کے موقعے پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان ،افتخار فاروقی، ثمینہ علوی او ردیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کراچی شہر میں تین لاکھ پودے لگانے کا پروگرام طے کیا ہے جس کا اعلان جلد کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے کے پی کے میں بلین ٹری سونامی کا منصوبہ مکمل کرکے انقلابی اقدام اٹھایا ہے۔ تحریک انصاف نے یہ اقدام ہماری آنے والی نسلوں کی بہتری کے لیے اُٹھایا ہے ۔ ماحولیاتی آلودگی دور کرکے ماحول کو صاف و شفاف بنانا حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی اوّلین ذمہ داری ہے کہ وہ درخت اور پودوں کی حفاظت کریں ۔

درخت اور پودے جاندار ہوتے ہیں اور ان کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سندھ حکومت کو بھی چاہئے کہ ماحولیات کے لیے مختص بجٹ کا استعمال کرتے ہوئے سندھ اور کراچی میں بھی پودے لگائے جائیں تاکہ سندھ کے شہریوں کی بھی ماحولیاتی آلودگی سے حفاظت ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :