چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر تشکیل شدہ سموگ کمیشن کا دوسرا اجلاس، چار کمیٹیاں تشکیل

سموگ سے متعلقہ مختلف عوامل کا بغور جائزہ لیا گیا ،سموگ کے تدارک کیلئے مختلف آپشنزپر سیر حاصل بحث کی گئی

ہفتہ 13 جنوری 2018 15:46

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر تشکیل شدہ سموگ کمیشن کا دوسرا اجلاس، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ڈاکٹر پرویز حسن کی سربراہی میں سموگ کمیشن کا دوسرا اجلاس سیکرٹری ماحولیات کے دفتر میں منعقد ہواجس میں سیکرٹری ماحولیات پنجاب سیف انجم ،ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحول پنجاب چوہدری آصف اقبال ،علی حسن حبیب ،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب انوارحسین ،ڈائریکٹر لیگل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ بیرسٹر حارث رمضان ،شیراز ذکاء ایڈووکیٹ و دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سموگ سے متعلقہ مختلف عوامل کا بغور جائزہ لیا گیا اور سموگ کے تدارک کیلئے مختلف آپشنزپر سیر حاصل بحث کی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری ماحولیات نے سموگ کمیشن کے ممبران کو حکومت پنجاب کے مختلف اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

کمیشن کے ممبران کو بعد ازاں سینٹرل لیبارٹری کا بھی دورہ کروایا گیا۔اس موقع پر گزشتہ سیزن میں حکومت کے لیے گئے ٹھوس اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا جس میں فصلوں کی باقیات،پلاسٹک اور ٹائروغیرہ کو آگ لگانے پر دفعہ 144کے نفاذ،دھواں دینے والی فیکٹریوں و گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی وغیرہ شامل تھے ۔

کمیشن کو یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی کوالٹی میں بہتری لانے او ر ماحول دوست گاڑیاں بنانے کیلئے متعلقہ اداروںکو پابند کرنے کیلئے محکمہ تحفظ ماحول کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا ۔دھواں دینے والی گاڑیوں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔سموگ کمیشن کے اجلاس میں چار کمیٹیاں تشکیل دیںگئیں جو کہ سموگ پالیسی ،بنیادی وجوہات ،ہیلتھ ایمرجنسی اور کپیسٹی بلڈنگ سے متعلق اپنی سفارشات کمیشن کوپیش کرینگی اور ان سفارشات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔