پاکستان مسلم لیگ ق کا آئندہ سیاسی صورتحال اور سانحہ ماڈل ٹائون پر لائحہ عمل طے،

پرویزالٰہی کی زیر قیادت احتجاج میں شرکت کا فیصلہ شجاعت حسین کی زیرصدارت اجلاس میں طارق بشیر چیمہ، کامل علی آغا، مونس الٰہی، چودھری ظہیرالدین، بشارت راجہ بھی شریک، نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کو مبارکباد

ہفتہ 13 جنوری 2018 16:06

پاکستان مسلم لیگ ق کا آئندہ سیاسی صورتحال اور سانحہ ماڈل ٹائون پر لائحہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی زیرصدارت اجلاس میں آئندہ سیاسی صورتحال اور سانحہ ماڈل ٹائون کے مظلومین کو انصاف دلانے کیلئے ہونے والے احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔ جس میں سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی، سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، سینیٹر کامل علی آغا، مونس الٰہی، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ اور حافظ عمار یاسر بھی شریک تھے۔

اجلاس میں بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ کے نئے منتخب وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کو قائدین اور پارٹی کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی گئی اور پاکستان و سیاست کی آئندہ صورتحال پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ کا وفد 17 جنوری کو مال روڈ پر ہونے والے احتجاج میں شرکت کرے گا۔

قبل ازیں سانحہ ماڈل ٹائون ایکشن کمیٹی کے رکن سینیٹر کامل علی آغا نے اجلاس میں رپورٹ پیش کی اور احتجاج کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سانحہ میں شہید ہونے والوں کے پسماندگان اور زخمی اتنے عرصہ سے انصاف کیلئے ترس رہے ہیں لیکن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں سانحہ کے ذمہ داروں اور مجرموں کی واضح نشاندہی کے باوجود وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔