ملک کا 35فیصد علاقہ براڈ بینڈ کی سہولت سے مستفید ہو رہا ہے، 2013ء میں ملک میں ٹو جی سے آگے کاتصور بھی نہیں تھا

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمان کا پشاور میں نیشنل انکوبیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 16:35

ملک کا 35فیصد علاقہ براڈ بینڈ کی سہولت سے مستفید ہو رہا ہے، 2013ء میں ملک ..
اسلام آباد / پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) 2013ء میں ملک میں ٹو جی سے آگے کاتصور بھی نہیں تھا اور صرف 3فیصد علاقوں تک براڈ بینڈ کی سہولت دستیاب تھی جبکہ حکومتی کوششوں سے اب ملک کا 35فیصد علاقہ براڈ بینڈ کیسہولت سے مستفید ہو رہا ہے ۔ہفتہ کو پشاور میں نیشنل انکوبیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہا کہ 2014ء کے بعد آئی ٹی کے شعبہ میں انقلاب آیا ہے جس میں سالانہ 20ہزار سے زائد نوجوان گریجویشن کی تعلیم مکمل کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیلئے انکی معاونت کرنا ہوگی۔ اس حوالے سے آئی ٹی کی وزارت کی کوششوں کے نتیجہ میں اب ملک میں 100افراد پرمشتمل گائوں تک بھی تھری جی کی سہولت پہنچائی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

شعبہ کی ترقی کیلئے 40ارب روپے سے زائد خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انکوبیشن سینٹر ہمارے نوجوانوں کا حق ہے اور اس حوالے سے اگر ہمیں اپنی منصوبہ بندی میں 50فیصد کامیابی ملتی ہے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک نے آئی ٹی کے شعبہ میں ترکی اور دیگرممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کے بغیر پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن ہے ۔ انوشہ رحمان نے کہاکہ نیشنل انکوبیشن سیٹنر ایک خواب تھا جس کی آج تعبیر حاصل ہو رہی ہے اور اس کے قیام سے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ میں مدد ملے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ رواں سال مئی میں کوئٹہ اور کراچی میں انکوبیشن مراکز کا افتتاح کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گھر سے روز گار کما سکنے کے قابل نوجوانوں کی تعداد دو لاکھ سے زائد ہے جبکہ شعبہ میں ایک ملین نوجوانوں کو تربیت دیکر آن لائن پروگراموں سے استفادہ کے قابل بنایا جائے گا اور سلسلے میں تربیتی پروگرام جاری ہے اور وزارت ملک کے ہر شہری تک ٹیکنالوجی کی سہولت پہنچانے کیلئے پرعزم ہے اور شعبہ کی برآمدات کو دس ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تقریب میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ، گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑااور امیر مقام سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :