Live Updates

صوبے میں معیار تعلیم بڑھنے کے بجائے اس کا جنازہ نکل رہا ہے ،خرم شیر زمان

سندھ میں طلبہ و طالبات کی تعداد میں تیزی سے کمی اور اساتذہ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ،رہنما تحریک انصاف

ہفتہ 13 جنوری 2018 18:29

صوبے میں معیار تعلیم بڑھنے کے بجائے اس کا جنازہ نکل رہا ہے ،خرم شیر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2018ء) سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر اور کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری خرم شیرزمان نے سندھ بھر کے اسکولوں کی زبوں حالی کے متعلق رپورٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں بدعنوان ترین محکموں میں ایک محکمہ تعلیم ہے جو ہر وقت زیر عتاب رہتا ہے، اور ہر آنے والا حکمران اپنے دور حکومت میں سیاسی بنیادوں پر ہزاروں من پسند نا اہل افراد کو اساتذہ کی پوسٹوں پر تعینات کرتا ہے۔

اب جو اساتذہ صرف رشتہ داریوں اور رشوتوں کی بنیاد پر بھرتی کیے جائیں، کیا ان سے یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ بچوں کو پڑھا سکیں گے۔ نتیجتاً صوبے میں معیار تعلیم بڑھنے کے بجائے اس کا جنازہ نکل رہا ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم سندھ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ میں طلبہ و طالبات کی تعداد میں تیزی سے کمی اور اساتذہ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث تعلیم کے بجٹ کا بڑا حصہ تنخواہوں کی ادائیگی میں خرچ ہوجاتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 6 سال میں 5 ہزار اسکول بند ہوگئے جبکہ 75 فیصد اسکول کھیل کے میدان اور 98 فیصد لیبارٹریز سے محروم ہیں۔ 23 ہزار اسکولز میں بجلی میسر نہیں۔ 16,359 اسکولوں کی چار دیواری نہیں جبکہ 15,478 اسکولوں میں بیت الخلا کی سہولت نہیں ہے۔ 18,128 اسکولوں کے طلبہ کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔ رپورٹ میں تعلیمی تنزلی کی وجہ سیاسی مداخلت اور ناتجربہ کار افسران تعلیم کو قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سرکاری اسکولوں کی حالت اتنی ابتر ہے تو سالانہ اربوں روپے کا بجٹ کہاں خرچ کیا جارہا ہے۔خرم شیرزمان نے کہا کہ دنیا میں تعلیم کے شعبے کو ہمیشہ سب سے پہلے اور سرفہرست رکھا جاتا ہے اور ہر سال اس کے لیے مختص بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ بھی کیا جاتا ہے مگر جو حکمران خود جعلی ڈگریاں لے کر اسمبلیوں میں پہنچے ہوں، ان سے بھلا یہ توقع رکھی بھی کیسے جا سکتی ہے کہ وہ معیارِ تعلیم بڑھانے اور میرٹ پر اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کو بڑھانے کے لیے میرٹ پر اساتذہ کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی بہتر تربیت بھی ضروری ہے تاکہ وہ بدلتے حالات کے مطابق طلبہ کی تربیت کر سکیں۔ مگر ماضی میں ایسا نہیں ہو سکا ہے جس کا خمیازہ آج ہم بھگت رہے ہیں۔ اور اگر یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہا تو ہمارا مستقبل بھی ایسا ہی ہوگا جیسا کہ آج ہمارا حال ہے۔تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان نے وزیرتعلیم جام مہتاب ڈھر سے مطالبہ کیا ہے وہ شعبہ تعلیم کی بہتری کے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات