رواں ماہ کوہاٹ راولپنڈی ریل کار کے اجرا سیالکوٹ سے کراچی سفر کرنے والے مسافروں کو نئی علامہ اقبال ایکسپریس کاتحفہ دیں گے، سندھ کے عوام کو ایک ماہ کے عرصے میں کراچی اور میرپور خاص کے درمیان مہران ایکسپریس کی بحالی کا تحفہ بھی دیا جائے گا

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 21:03

رواں ماہ کوہاٹ راولپنڈی ریل کار کے اجرا سیالکوٹ سے کراچی سفر کرنے والے ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رواں ماہ خیبرپختونخوا کے عوام کوکوہاٹ راولپنڈی ریل کار کے اجرا اور سیالکوٹ سے کراچی سفر کرنے والے مسافروں کو نئی علامہ اقبال ایکسپریس کے تحفے دیں گے، کوہاٹ کے شہریوں کے لئے ایک نئی ٹرین اورعلامہ اقبال ایکسپریس کے تمام ریک نئے تیار کئے جاچکے ہیں اوراب ان کی تزئین و آرائش کو حتمی شکل دی جار ہی ہے۔

یہ بات انہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو ایک ماہ کے عرصے میں کراچی اور میرپور خاص کے درمیان مہران ایکسپریس کی بحالی کا تحفہ بھی دیا جائے گا جس کے بہترین اور باسہولت ریک کی تیاری کے لئے ریلوے کی ورکشاپوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں کوہاٹ سے راولپنڈی کے روٹ پر ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے ، وہاں اوکاڑہ اور یوسف والا کے نئے ریلوے اسٹیشن بھی تکمیل کے مراحل طے کر چکے ہیں اور بہت جلد ان کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے ا س موقعے پر بلوچستان کے دورے کے حوالے سے بتایا کہ سبی ہرنائی سیکشن پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور اس سیکشن کی بحالی پاکستان ریلوے کی بحالی میں اہم سنگ میل ہو گی۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے لاہور، ملتان، خانیوال، روہڑی اور کراچی میں واشنگ لائنز کی آوٹ سورسنگ کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے صاف ستھری ٹرینیں انتہائی ضروری ہیں۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور، مشیر وزارت ریلویز انجم پرویز، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمیدرازی، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچرہمایوں رشید، ایڈیشنل جنرل منیجرمکینیکل انصرباللہ خان، سی ایم ای کیرج اینڈ ویگن راحت مرزا ،ایف اینڈ سی اے او ڈاکٹر محمد سعید اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔