کمسن بچی کے اندوہناک قتل کے ملزم جلد سے جلد گرفتار کئے جائیں ، حیلے بہانے نہیں چلیں گے،وزیر اعلی پنجاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 21:39

کمسن بچی کے اندوہناک قتل کے ملزم جلد سے جلد گرفتار کئے جائیں ، حیلے ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس منعقد ہوا- جس میں انسپکٹر جنرل پولیس نے قصور میں پیش آنیو الے افسوسناک واقعات کے کیسوں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی - اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کمسن بچی کے اندوہناک قتل کے ملزم جلد سے جلد گرفتار کئے جائیں - حیلے بہانے نہیں چلیں گے ،مجھے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری چاہیے - ملزمان پکڑ کر حقائق سامنے لائے جائیں - انہوںنے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہرصورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی- معصوم بچی کے ساتھ جو ظلم و زیادتی ہوئی ،درندہ صفت ملزم کو اس کاحساب دینا پڑے گا-سفاک درندہ قانون کے مطابق عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائے گا‘ فائرنگ کے باعث جاں بحق ہونے والے دو افراد کے کیس میں بھی انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اورذمہ داروں کو قانو ن کے مطابق قرار واقعی سزا ملے گی- میں کیسوں پرہونے والی پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا- وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ انسپکٹر جنرل پولیس روزانہ قصور جا کر کیسوں پر ہونے والے پیشرفت کا ذاتی طور پر جائزہ لیں اور اس ضمن میں وہ میرا ہیلی کاپٹر بھی استعمال کر سکتے ہیں -ڈی جی پنجاب فرانزک ایجنسی اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کو آج ہی قصور پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ دونوں افسران ان کیسوں سے متعلقہ اپنے محکموں کے امور قصور میں بیٹھ کر نمٹائیں گے -انہوںنے کہا کہ میں اب تک کرب اور تکلیف سے گزر رہا ہوں - مجھے صرف ملزمان کی گرفتاری چاہیی-صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، لیفٹیننٹ کرنل (ر) ایوب گادھی ، خواجہ عمران نذیر، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان ، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ آرپی او ملتان ، آرپی او شیخوپورہ اور ڈی پی او قصور ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئی-

متعلقہ عنوان :