اس وقت ملک میں فاضل گیس موجود ہے ، تمام صارفین کوبلاتعطل گیس فراہم کی جا رہی ہے ، پیداوار بڑھانے میں ماڑی پٹرولیم کا کردارقابل تعریف ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ماڑی پٹرولیم کمپنی کی سالانہ تقریب سے خطاب

ہفتہ 13 جنوری 2018 23:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملکی ضروریات کو پورا کرنے اور قومی معیشت پر درآمدی بل کا بوجھ کم کرنے کیلئے مقامی توانائی کے وسائل کا حجم بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ہفتہ کوماڑی پٹرولیم کمپنی کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران کو کم کرنے اور فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ماڑی پٹرولیم کا کردار قابل ستائش ہے۔

سالانہ تقریب میں کمپنی کے عملہ اور انکے اہلخانہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی،یہ تقریب کمپنی کی سلور جوبلی کے طور پر بھی منائی گئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کمپنی کے عملہ کو بلند ترین ریونیو اور پیداوار میں طرہ امتیاز حاصل کرنے کی سالانہ تقریب قرار دیتے ہوئے مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماڑی پٹرولیم نے ہمیشہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کہا کہ وہ بھی او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کو ایسی ہی کارکردگی کی طرف بڑھا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تلاش اور پیداواری شعبے کے اہم جزو کے ساتھ توانائی کا شعبہ قومی معیشت کا اہم شعبہ ہے۔ شیڈول سے قبل اہداف کے حصول کیلئے کمپنی کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماڑی پٹرولیم کی کوششوں کی بدولت ملک کھاد کے شعبہ میں نہ صرف خودکفیل ہوا ہے بلکہ اس کی برآمدات کا بھی آغاز ہوا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت نے قومی گرڈ میں تقریباً 10 ہزار میگا واٹ توانائی شامل کی ہے اور آئندہ 15 برسوں کیلئے ملک کی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پیداوار میں اضافہ کیلئے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ملک میں فاضل گیس موجود ہے اور تمام صارفین کوبلاتعطل گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پیداوار بڑھانے کے اقدامات میں ماڑی پٹرولیم کے ماڑی فیلڈ اور دیگر بلاکس میں کوششوں کی تعریف کی جو توانائی کی مانگ اور رسد میں فرق کو ختم کرنے میں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ماڑی پٹرولیم شیل اور آف شور گیس سیکٹرز میں بھی اپنا آپریشن شروع کرے گی تاکہ ملک کی ان صلاحیتوں کو بھی تلاش کیا جا سکے جہاں تک پہنچا نہیں جا سکا ہے۔

انہوںنے کمپنی کی 5 سال میں صارفین کو بلاتعطل گیس سپلائی کی کوششوں کو مثالی قرار دیا، جس نے ماڑی فیلڈ کو دیگر آپریٹرز کیلئے ماڈل بنا دیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹیکنیکل اور نان ٹیکنیکل شعبوں میں کارکردگی دکھانے والے ملازمین میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ قبل ازیں خیرمقدمی کلمات میں ماڑی پٹرولیم کے منیجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) اشفاق ندیم احمد نے کمپنی کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی نے حالیہ اختتام پذیر ہونے والے مالی سال کے دوران 32.32 ملین بیرل تیل کے مساوی پیداوار حاصل کی جو گزشتہ برس 30.48 ملین بیرل تیل کے مساوی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مضبوط مالیاتی کارکردگی اور مجموعی پیداوار کے ساتھ پہلے بلند ترین 96.78 ارب روپے کی آمدن حاصل کی جو گزشتہ برس 94.99 ملین روپے تھی، اسی طرح مجموعی سیلز کمپنی کی آپریشنل کارکردگی کی عکاس ہے، 28.28 بلین روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے جو گزشتہ برس 21.71 ارب روپے تھی۔

ماڑی پٹرولیم کے منیجنگ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ کمپنی نے قومی خزانہ میں بھی رائلٹی، ٹیکسوں، لیویز اور ڈیوٹیز کی مد میں 74.3 ارب روپے کا حصہ ڈالا ہے۔ کمپنی نے نہ صرف مالی بلکہ پیشہ وارانہ کارکردگی پر مختلف خودمختار اداروں کے متعدد ایوارڈ بھی حاصل کئے ہیں۔