وزیراعظم بنا تو ٹرمپ سے ملاقات کروں گا، اگرچہ یہ کڑوی گولی ہوگی مگر نگلنا پڑے گی ، عمران خان

ٹرمپ کا ٹوئٹ انتہائی توہین آمیز تھا، جس طرح امریکا نے پاکستان سے برتاو کیا وہ درست نہیں،ونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی،ہم لاکھوں مدرسوں کو قومی دھارے میں لائیں گے چیئرمین پی ٹی آئی کا امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو

اتوار 14 جنوری 2018 12:11

وزیراعظم بنا تو ٹرمپ سے ملاقات کروں گا، اگرچہ یہ کڑوی گولی ہوگی مگر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم بنا تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کروں گا ، یہ ملاقات کڑوی گولی ہوگی مگر نگلنا پڑے گی ، ٹرمپ کا ٹوئٹ انتہائی توہین آمیز تھا، جس طرح امریکا نے پاکستان سے برتاو کیا وہ درست نہیں،ونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی،ہم لاکھوں مدرسوں کو قومی دھارے میں لائیں گے۔

امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ اگر انتخابات کے بعد وزیر اعظم منتخب ہوا تو آئندہ برس 2019 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کروں گا۔ انہوں نے کہا ان سے ملاقات کڑوی گولی تو ہوگی لیکن کرنا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا ٹوئٹ انتہائی توہین آمیز تھا، جس طرح امریکا نے پاکستان سے برتاو کیا وہ درست نہیں حالانکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کوئی لینا دینا نہیں تھا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ امریکا پر 9/11 حملوں کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اہم کرادر ادا کیا ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی جب کہ پاکستان کسی دہشت گردی میں ملوث نہیں وہ خود اس کا خاتمہ چاہتا ہے۔دینی مدارس کے حوالے سے ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ ہم لاکھوں مدرسوں کو قومی دھارے میں لائیں گے اور وہ چاہتے ہیں کہ مدرسہ گریجوئیشن طلبا کے پاس تمام صلاحیتیں ہوں تاکہ وہ کسی بھی شعبہ میں با آسانی ملازمتیں حاصل کرسکیں۔