صدر(ن) لیگ نوازشریف سے شہبازشریف کی ملاقات،سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال

عوامی تحریک کے ممکنہ مال روڈ پردھرنے سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کا جائزہ،زینب قتل کیس کےملزمان کوجلد گرفتارکیا جائے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 جنوری 2018 15:57

صدر(ن) لیگ نوازشریف سے شہبازشریف کی ملاقات،سیاسی صورتحال پرتبادلہ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جنوری 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدراور سابق وزیراعظم نوازشریف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ملاقات کی ، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیا ل کیاگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدرن لیگ نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات آج جاتی امراء میں ہوئی۔ملاقات میں ن لیگ کی مرکزی رہنماء مریم نوازنے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے قائد ن لیگ کو زینب قتل کیس میں اب تک کی پیشرفت اور 17جنوری کوڈاکٹرطاہرالقادری کے دھرنے سے متعلق حکمت عملی پربریفنگ دی۔قائد ن لیگ نوازشریف نے شہبازشریف کو قصور میں زینب قتل کیس کے ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے کوششیں تیزکرنے کی ہدایت کی۔نوازشریف اور شہبازشریف کے درمیان ملاقات میں17جنوری کوعوامی تحریک کے ممکنہ مال روڈ پر دھرنے سے نمٹنے کیلئے بہترین حکومتی حکمت عملی بنانے کا جائزہ بھی لیا گیا۔ذرائع کے مطابق عوامی تحریک کے دھرنے سے متعلق جلد پارٹی کااہم اجلاس بلایا جائے گا۔جس میں سیاسی اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے۔