سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ملک کے مقبول ترین رہنما ہیں ، لوگوں کی اپنے محبوب رہنما سے بہترین تعلق ہے، وفاقی وزیر سینیٹر مشاہداللہ خان

اتوار 14 جنوری 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2018ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ملک کے مقبول ترین رہنما ہیں ، لوگوں کی اپنے محبوب رہنما سے بہت اچھی وابستگی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چکوال کے ضمنی انتخاب نے یہ بات ثابت کی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو کسی کرپشن کے الزام پر نہیں بلکہ صرف ایک اقامے پر نااہل قرار دیا گیا اور عدالتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سیاسی فیلڈ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مقابلہ نہیں کر سکتیں، یہی وجہ ہے کہ صرف پوائنٹ سکورنگ کے لیے وہ حکومت پر تنقید کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملکی توانائی بحران سمیت ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جبکہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے بھی اہم و موثر اقدامات کیے جن کی بدولت آج ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہو رہی ہے جس کا اعتراف عالمی اعدادو شمار میں بھی کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ اور امن و امان کی بحالی بھی موجودہ حکومت ہی کے کارنامے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی ادارے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو سراہ رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے ہمیشہ ملک میں جمہوری نظام کے خلاف احتجاج کیا ہے اور ماضی میں انہوں نے ملکی پارلیمنٹ کے سامنے جمہوریت کی قبر بنا دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کی پاکستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں اور جو بھی انہیں ان کے احتجاج میں کوئی تعاون فراہم کرتے ہیں ان سب کو جمہوریت کا دشمن سمجھا جائے گا۔

سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف جن کی صوبہ سندھ اور خیبر پختونخواہ میں حکومت ہے جہاں وہ خود تو مکمل طور پر لطف اندوز ہو رہے ہیں لیکن لوگوں کو بہتر طرز حکمرانی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور وہاں لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے لوگ پاکستان تحریک انصاف اور اس کے سربراہ عمران خان کی سیاست سے مایوس ہو چکے ہیں کیونکہ وہ ملک میں تبدیلی لانے کا دعوٰی تو کرتے تھے لیکن اپنے حکومتی صوبے میں اب تک بھی کوئی اہم تبدیلی متعارف نہیں کرا سکے۔

متعلقہ عنوان :