سازشی عناصر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف مسلسل سازشوں میں لگے رہتے ہیں،وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری

اتوار 14 جنوری 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سازشی عناصر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف مسلسل سازشوں میں لگے رہتے ہیں۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سازشی سیاست میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ بالکل بھی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے بہت لگائو ہے اور ہو اپنے قائد سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ 4 سالوں سے احتجاجی مظاہروں کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری دھرنوں کی سیاست کے ذریعے جمہوری حکومت کو گرانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملک میں احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کی سیاست کو متعارف کرایا۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ سڑکوں پر انصاف تلاش کر رہے ہیں لیکن محمد نوا شریف نے عدالتوں میں اپنے کیسز کا سامنا کیا اور جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک سے توانائی بحران کا خاتمہ کیا، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ شروع کیا، قومی معیشت کو مستحکم بنایا، کراچی میں امن کو بحال کیا جبکہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ بھی کیا جس کی وجہ سے لوگ پھر محمد نواز شریف کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔