برطانیہ: سرکاری سکول میں کمسن طالبات پر حجاب کرنے ، روزانہ رکھنے پر پابندی عائد

تدریس کے اوقات میں بچوں کو رمضان کے روزے رکھنے نہ دیں اور روزے کی حالت میں طلبا کو اسکول نہ بھیجیں، سکول انتظامیہ

پیر 15 جنوری 2018 21:50

برطانیہ: سرکاری سکول میں کمسن طالبات پر حجاب کرنے ، روزانہ رکھنے پر ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2018ء) برطانیہ کے ایک بڑے سرکاری اسکول نے کمسن طالبات کے حجاب کرنے اور روزے رکھنے پر پابندی عائد کردی۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی لندن کے علاقے نیوہم کے سینٹ اسٹیفن پرائمری اسکول نے ادارے میں زیر تعلیم مسلمان بچیوں کے حجاب کرنے اور روزے رکھنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، اسکول انتظامیہ نے محکمہ تعلیم سے یونیفارم میں از خود تبدیلی کرنے والے طلبا کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اسکول انتظامیہ نے والدین پر زور دیا ہے کہ تدریس کے اوقات میں بچوں کو رمضان کے روزے رکھنے نہ دیں اور روزے کی حالت میں طلبا کو اسکول نہ بھیجیں۔ مذکورہ اسکول کے چیئرمین آف گورنر عارف قوی نے محکمہ تعلیم کو تحریری تجویز میں کہا کہ وہ اسکول کی سفارشات کو نافذ العمل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

عارف قوی نے کہا کہ اسکولز میں زیر تعلیم طلبا چھٹیوں کے روز رمضان کے روزے رکھیں تاہم تدریسی دنوں میں روزے نہ رکھیں کیونکہ کیمپس میں بچوں کی صحت اور ان کی حفاظت کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہے۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ بچوں کو حجاب کرنے اور روزے رکھنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا معاملہ تعلیمی ادارے کا انفرادی فعل ہے تاہم ہماری طرف سے یونیفارم کے حوالے سے واضح ہدایات ہیں اور ’مساوی قانون‘ کے تحت تعلیمی اداروں کا قانونی فرض ہے کہ وہ حکومتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوں۔۔