چوہدری محمدبرجیس کی کوٹلی سیکٹر آزادکشمیر میں ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ

بھار ت کا خطے میں اشتعال انگیزی کو ہوا دیناامن کے لیے انتہائی خطرناک ہے ، پاکستانی حکومت اور افواج بھارتی ناپاک عزائم سے باخبر ہیں ،کسی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،وفاقی وزیر امور کشمیر

پیر 15 جنوری 2018 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کوٹلی سیکٹر آزادکشمیر میں ایل او سی پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھار ت خطے میں اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہا ہے جو خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہے انہوںنے ایل او سی پر شہید ہونے والے پاک افواج کے چارجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ پاکستان کی حکومت اور افواج بھارتی ناپاک عزائم سے باخبر ہیں اور کسی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ بھارت جنوبی ایشیاء سمیت اس پورے خطے کے امن کو تباہ کرنے پر لگا ہوا ہے اور اسلحے کے انبار لگا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے حالیہ دورہ بھارت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اسرائیل سے بڑھتے ہوئے مراسم نہ صرف فلسطین اوردُنیا بھر کے مسلمانوں بلکہ خود بھارت کے مسلمانوں کے لیے انتہائی خطرناک ہیںجو آئے روز ہندو انتہا پسندی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے بھارت میں مسلمان روز بروز غیر محفوظ ہوتے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان مخالف بیان ،بھارتی آرمی چیف کا بیان اور اسرائیلی وزیراعظم کا دورہ بھارت درحقیقت پاکستان کو دبائو میں لا کر خطے میں بھارت کی چودھراہٹ قائم کرنے کی کوشش ہے جوکسی صورت میں کامیاب نہیں ہو گی۔انہوںنے کہاکہ بھارت جدید اسلحہ حاصل کرنے کی دوڑمیں شامل ہے لیکن وہ پاکستانی قوم اور فوج کے عزم کا مقابلہ نہیں کرسکتاجو اپنا دفاع کرنا خواب جانتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی افواج باصلاحیت افواج ہیں جنہوںنے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کے جارہانہ اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا اور کسی بھی صورت اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ،اخلاقی و سفارتی حمایت سے دستبرار نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ خطے کے امن اور خود بھارت کی ترقی و خوشحالی اسی میں ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک کے خلاف سازشوں سے باز رہتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کرے۔

متعلقہ عنوان :