نواز شریف کے خلاف 3 ، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کے خلاف ایک نیب ریفرنس کی سماعت( کل) ہو گی

احتساب عدالت نے 3 گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر رکھا ہے، نواز شریف بطور ملزم 13ویں مرتبہ پیش ہوں گے

پیر 15 جنوری 2018 22:52

نواز شریف کے خلاف 3 ، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کے خلاف ایک نیب ریفرنس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تین جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایک نیب ریفرنس کی سماعت( کل) احتساب عدالت میں ہو گی۔عدالت نے تین گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔ نواز شریف بطور ملزم 13ویں مرتبہ احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف تین نیب ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔

سابق وزیراعظم کے خلاف اب تک فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس کی 20، ایون فیلڈ پراپرٹیز کی 19 جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 23سماعتیں ہوچکیں۔ نواز شریف 12 ، مریم نواز 14جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر15 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے استغاثہ کے تین گواہوں پولیس سٹیشن نیب لاہور کے سب انسپکٹرعمر دراز گوندل ، دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر آفاق احمد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ناصر جونیجو کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

گواہوں کے بیانات قلمبند ہونے کے بعد نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وکیل امجد پرویز گواہوں پر جرح کریں گے۔ تینوں نیب ریفرنسز میں اب تک استغاثہ کے گواہان سدرہ منصور ،جہانگیر احمد،محمد رشید ، مظہر بنگش ،شہباز حیدر، ملک طیب، مختار احمد ، عمردراز، یاسر شبیر ، شکیل ناگرا ،تسلیم خان ، محمد زبیر اور عذیر ریحان نے بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں۔