بلاول بھٹو نے سندھ میں بچوں کو جنسی تعلیم دینے کا اعلان کر دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 15 جنوری 2018 22:42

بلاول بھٹو نے سندھ میں بچوں کو جنسی تعلیم دینے کا اعلان کر دیا
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 15جنوری 2018ء ) :سربراہ پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں بچوں کو جنسی تعلیم دینے کا اعلان کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق وہ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پہلے سے چائلڈ پروٹیکشن پر قانون سازی کر رکھی ہے جبکہ اب صوبے میں بچوں کے حقوق کے لیے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قانون سازی کے ساتھ ساتھ یہ بہت ضروری ہے کہ بچوں میں اس حوالے سے شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے انکو جنسی تعلیم دینا بہت ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت اس حوالے سے پہلے ہی قدم اٹھا چکی ہے۔کچھ این جی اوز کے ساتھ ملکر کچھ سکولوں میں جنسی تعلیم دینا شروع کی گئی ہے اور اس کا رد عمل والدین اور سکول انتظامیہ کی جانب سے کافی اچھا آ رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ بچوں کو اتنی آگاہی ضرور ہو کہ وہ اپنے جسم اور صحت کی حفاظت کر سکیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ بچوں کے حقوق کے مسائل کو ہمیں انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے اور اس حوالے سے تمام سیای جماعتوں کو متفق ہونا چاہیے۔یاد رہے کہ زینب واقعے کے بعد مختلف فورمز پر بچوں کو جنسی تعلیم دینے کے لیے آواز اٹھائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :