بھارت کیلئے خطرے کی ایک اور گھنٹی بج گئی

چین نے بنگلہ دیش، پاکستان اورتھائی لینڈ کو سستی آبدوزیں فراہم کرنا شروع کر دیں دفاعی سامان کی فروخت سے چین کو اپنا اثرورسوخ بڑھانے میں مدد ملے گی ،جاپانی ایجنسی

منگل 16 جنوری 2018 17:11

بھارت کیلئے خطرے کی ایک اور گھنٹی بج گئی
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2018ء) چین نے بحر ہند کے ممالک کو سستی اورمعیاری آبدوزیں فراہم کرنا شروع کر دی ہیں جس سے بھارت پر ان ممالک کا انحصار ختم ہو جائے گا ۔ چین بنگلہ دیش ، پاکستان اورتھائی لینڈ میں اپنی جگہ بنانے کیلئے بحرہند کے ان ممالک کو سستی آبدوزیں فراہم کررہا ہے جو بھارت کیلئے کاروباری خطرے کی گھنٹی ہے ، اس سے ایشیائی پانیوں اور بحرالکاہل کے علاقے میں بیجنگ بحریہ کی پیشرفت بڑھ جائے گی ۔

(جاری ہے)

جاپان کی اسائی شم بن ایجنسی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایاہے کہ اس سے قبل بھی بحر ہند میں چینی آبدوزیں موجود ہیں ،چینی بحریہ 2013ء سے اس علاقے میں موجود ہے اور وہ سال میں دو مرتبہ بلکہ بعض اوقات تین مہینے بعد اس علاقے میں گشت کرتی ہے ، بنگلہ دیش پہلا ملک ہے جس نے چین سے سستی آبدوزیں 2013ء میں خریدنے کا سود ا کیا تھا ، یہ ڈیزل سے چلنے والی منگ کلاس دوآبدوزیں تھیں ، یہ آبدوزیں مارچ 2017ء میں آپریشنل ہوئیں ، چین نے بنگلہ دیش کو جو آبدوزیں فراہم کی ہیں، ایک آبدوز کی قیمت 100ملین ڈالر ہے جو یورپی آبدوزوں کی نسبت دس گنا سستی ہے، تھائی لینڈ نے بھی اپریل 2017ء میں دو نئی یوان کلاس سب میرین خریدنے کا سودا کیا تھا جس کی قیمت 424ملین ڈالر ہے جبکہ بنکاک مزید دو سب میرین خریدنے پر بھی غور کررہا ہے، چین کے صدر شی جن پھنگ نے 2015ء میں اپنے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کیساتھ آٹھ چینی سب میرین خریدنے کی بات کی تھی ، یہ بات خاص طورپر قابل ذکر ہے کہ بحرہند کے ممالک کو دفاعی سامان کی فروخت سے چین کو اس خطے میں اپنا اثرورسوخ بڑھانے میں مدد ملے گی کیونکہ جو اسلحہ وہ فراہم کرے گا ا س کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے بھی اسے ان ممالک میں بھی اپنی ورکشاپس قائم کرنا پڑیں گی،مصر اور کیوبا بھی چینی سب میرین خریدنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ۔