صوبائی حکومت زمینداروں کیلئے خصوصی پیکج متعارف کرائے گی، اسد قیصر

آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کامیاب ہوکر چاروں صوبوںاور وفاق میں حکومت بنائے گی، مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت میں صوابی کا پانی چوری کرکے بروتھا میں بجلی گھر بنایا تاکہ بجلی رائلٹی پنجاب کو مل سکے انہی کے دور حکومت میں گدون انڈسٹریل سے مراعات چھین لئے گئے اور لوگ فاقوں پر مجبور ہوگئے ، مسلم لیگ ن کی حکومت میں صوابی سے گیس پائپ چوری کرکے ہزارہ میں لگادئیے اور اب اُن کے ایماء پر گیس کی فراہمی کے منصوبے میں روڑے اٹکارہے تھے جوکہ ہم نے عدالتی جنگ سے ناکام بنادیا، سپیکر خیبر پختونخواہ کا ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب

منگل 16 جنوری 2018 22:27

صوبائی حکومت زمینداروں کیلئے خصوصی پیکج متعارف کرائے گی، اسد قیصر
صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2018ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت زمینداروں کیلئے ایک پیکج متعارف کروارہی ہے جس سے تمام زمینداروں کو پینے اور آبپاشی کیلئے صاف پانی میسر ہوگا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وادی کنڈائو صوابی اور پابینی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ صوابی کے عوام نے اے این پی کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دی مگرجب اُن کی حکومت آئی تو صوابی کے عوام کو یکسر بھول گئے ،اے این پی نے اگر صوابی میں کوئی ایک ترقیاتی کام کیا ہو تو دکھادے ، اب صوابی کے عوام باشعور ہوچکے ہیں وہ اے این پی کے خالی خول وعدوں میں آئیں گے بلکہ عمران خان کی قیادت میں جو نئے پاکستان کی بنیاد رکھ لی ہے ان کو مزید مضبوط بنائیں گے اور آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کامیاب ہوکر چاروں صوبوںاور وفاق میں حکومت بنائے گی ،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت جب بھی آئی ہے وہ صوابی کے عوام کے لئے بدبختی ساتھ میں لائی ہے ، مسلم لیگ ن کی سابقہ حکومت میں صوابی کا پانی چوری کرکے بروتھا میں بجلی گھر بنایا تاکہ بجلی رائلٹی پنجاب کو مل سکے اور انہی کے دور حکومت میں گدون انڈسٹریل سے مراعات چھین لئے گئے اور لوگ فاقوں پر مجبور ہوگئے ، انہوں نے کہا کہ کہ صرف یہی نہیں بلکہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں انہی کے لوگوں نے صوابی سے گیس پائپ چوری کرکے ہزارہ میں لگادئیے اور اب اُن کے ایماء پر گیس کی فراہمی کے منصوبے میں روڑے اٹکارہے تھے جوکہ ہم نے عدالتی جنگ سے ناکام بنادیا اور صوابی کیلئے گیس کی فراہمی کیلئے فنڈز صوبائی حکومت نے دئیے ، انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں اسلام اور اور شریعت کیلئے کیا خدمت کی ،کوئی ایک ایسا اسلامی قانون جواُنہوں نے پاس کی ہو ،اُنہوں نے اسلام کا نام استعمال کرکے اسلام آباد کیلئے راہ ہموار کیا ،تحریک انصاف کی حکومت نے سکولوں میں ترجمہ ،ناظرہ قرآن کو لازم کیا ، جہیز کا قانون ،سود کے خلاف قانون سازی ،آئمہ کرام کی تنخواہوں کا اجراء ، فحش و عریاں فلموں کے خلاف قانون سازی اور دیگر قوانین پاس کئے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری حکومت اور پارٹی قیادت اسلامی اقدار اور قوانین کے بارے میں سنجیدہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے بھی پی ٹی آئی حکومت کی اسلامی قوانین کے نفاذ کو سراہا ہے اور ہمارے حق میں بیانات دئیے ہیں لیکن کچھ علماء کو تکلیف ہے کیونکہ ایسے اقدامات ان کے اسلام آباد جانے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں ،انہوں نے کہا کہ سی پیک میں شامل اکنامک زون سے 22لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا ،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زمینداروں کیلئے ایک پیکج متعارف کروارہی ہے جس سے تمام زمینداروں کو پینے اور آبپاشی کیلئے صاف پانی میسر ہوگا ،انہوں نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ آئندہ الیکشن صوابی کے عوام اُن کے الیکشن مہم کو چلائیں گے اور پی ٹی آئی کو کامیاب کرائیں گے ،انہوں نے کہا کہ وادی کنڈائو میں اب تک پچاس کروڑ روپے تک ترقیاتی کام ہوچکا ہے جوکہ ایک ریکارڈ ہے ،آج صوابی میں وہ تاریخی کام ہوئے جو گزشتہ ساٹھ سالوں کسی نے نہیں کئے ۔