نائیکو ن گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام نائیکون ٹیلنٹ ہنٹ کی سالانہ تقریب کا اہتمام

مقابلوں میں جیتنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا زبیر احمد نے پہلی ، کاشف اور مسعود نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے نائیکون بہترین پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے ، حافظ احسان کھوکھر

بدھ 17 جنوری 2018 19:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2018ء) اسلام آباد کلب میں گزشتہ شام نائیکون گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام" نائیکون ٹیلنٹ ہنٹ کی سالانہ تقریب ہوئی ۔ اس دوران تقریری مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ اردو تقاریر مقابلوں میں زبیر احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی ،کاشف نے دوسری پوزیشن اور مسعود نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریری مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کئے گئے۔

تقریب سے مہمان خصوصی" سینئر ایڈوائزر (Law/Grievance) کمشنر برائے اوور سیز پاکستانیز وفاقی محتسب پاکستان" حافظ احسان احمد کھوکھر نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع دینے کے لئے نائیکون ٹیلنٹ ہنٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کل جہاں ہر طرف ناامیدی کی فضا ہے تو ایسی سر گرمیوں سے نوجوانوں کو کچھ بڑا کرنے کا موقع مل جا تا ہے جو کہ ہمارے ملک کی ترقی اور امن کے لئے خوش آئند ہے ہے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے نائیکون ٹیلنٹ ہنٹ کے سربراہ مصباح خان یوسفزائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نائیکون کے شارٹ کورسز کرنے کے بعد انٹرنیشنل سطح پر کمپیٹ کرنے کا موقع ملتا ہے ،زیادہ سے زیادہ جاب کے مواقع میسر ہوتے ہیں، ہنر کے بغیر آج کوئی تعلیم مکمل نہیں اس لئے نائیکون سکل بیسڈ ہینڈز آن ٹریننگ کروا کر ملک کی ترقی میں شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

اب تک نائیکون سے مختلف کورسز کرنے والے ہزاروں طلباء اچھی ملازمتوں میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج کل والدین اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر پر توجہ دیتے ہیں اور نائیکون گروپ آف کالجز جیسے ادارے پر اعتماد کرتے ہیں اور انگلش سپوکن کورسز، کمپیوٹر کے مختلف کورسز میں ان کی رہنمائی کی جاتی ہے۔ تقریب میں SPOمحمود علی کھوکھر نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے ترجمانی کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی کے معاملات کو موٹروے پولیس نے ہمیشہ پہلی ترجیح دی ہے تاکہ عوام میں روڈ سیفٹی سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے اور سڑکوں پر سفر کرنے والوں کی جان ومال کی بہترطریقے سے حفاظت کی جا سکے ۔

اس موقع پر ایس پی او محمود علی کھوکھر نے طلباء و طالبات سے روڈ سیفٹی سے متعلق سوالات بھی کئے اور نائیکون کی طرف سے روڈ سیفٹی کے حوالے سے کئے گئے خصوصی اقدامات کا شکریہ ادا کیا ، اس موقع پرمہمان خصوصی نے روڈ سیفٹی پر جامع لیکچر دینے پر محمودعلی کھوکھر کی روڈ سیفٹی آگاہی بارے خدمات کو سراہا اس موقع پر نائیکون گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام نائیکون ٹیلنٹ ہنٹ کے ایک سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا گیا۔